قائد انقلاب اسلامی حضرت آیت العظمی سید علی خامنہ ای نے نئے شمسی سال کے
آغاز پر اپنے پیغام میں ملت ایران اور دنیا کے تمام مسلمانوں کو عید نو روز
کی مبارک باد دیتے ہوئے نئے ہجری شمسی سال کو خلاقیت اور پیشرفت کا
سال قرار دیا ہے۔آپ نے اپنے پیغام میں ایرانی حکام کو ہدایت دی ہے کہ تمام
شعبوں میں خلاقیت کا مظاہرہ کریں اور معاشرے کے تمام طبقات ، خاص طور سے
محروم طبقات کو، رفاہ فراہم کرنے ، پیشرفت کی راہ ہموار کرنے اور ملک کی
ترقی کے لئے تمام کوششیں بروئے کار لائیں۔قائد انقلاب اسلامی نے اپنے پیغام
میں فرمایا کہ امید ہے کہ نیا ہجری شمسی سال مسلمانان عالم،خاص طور
سے،ایرانی قوم کے لئے خیر و برکت کا سال ہوگا۔آپ نے اپنے پیغام میں اس
مناسبت سےکہ اس سال آغاز بہار رسول اسلام حضرت محمد صل اللہ علیہ وآلہ وسلم
اور فرزند رسول حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کے ایام ولادت با سعادت
اور عید نوروز کے ساتھ ہوا ہے مسلمانان عالم اور ملت ایران کو مذکورہ تینوں
عیدوں کی مبارکباد پیش کی ہے۔قائد انقلاب اسلامی نے ایرانی حکام سے کہا ہے
کہ بین الاقوامی میدان میں دلیری اور تدبر کے ساتھ منصوبہ بندی کریں، بین
الاقوامی میدان میں ایرانی قوم کو روز افزوں کامیابی کے لئے حالات فراہم
کریں اور قومی وقار کو مد نظر رکھتے ہوئے دشمنوں کی تسلط پسندی کے مقابلے
میں پائیداری سے کام لیں۔آپ نے یاددہانی کرائی کہ ملک کے اندر حکام کو
معاشرے کی پیشرفت کی راہ میں منصوبہ بندی کے ساتھ تیز قدم بڑھانے چاہئیں
اور ایسے کام کرنے چا ہئیں جو آئندہ نسلوں کے لئے باقی رہیں۔