18 تیر
18 تیرماہ 1381 ہجری شمسی کو ایران کے مجاہد عالم دین آیت اللہ سید کاظم اخوان مرعشی 83 سال کی عمر میں انتقال کرگئے ۔
آیت اللہ سید کاظم اخوان مرعشی اور آیت اللہ سید مہدی مرعشی جڑواں بھائي تھے جو نجف اشرف کے ایک دینی گھرانے میں 1327 ہجری قمری میں پیدا ہوئے ۔ آیت اللہ سید کاظم اخوان مرعشی نے قم کی دینی درسگاہ میں آیت اللہ حجّت کوہ کمری ، آیت اللہ خوانساری ، آیت اللہ بروجردی اور امام خمینی (رح) سے دینی علوم میں مہارت حاصل کی ۔
آیت اللہ اخوان مرعشی بعد میں نجف اشرف چلے گئے جہاں انہوں نے مشہور فقہا کے دروس میں شرکت کی ۔1971 ع میں آیت اللہ اخوان مرعشی ایران واپس آئے اور مشہد مقدس میں درس و تدریس اور تصنیف میں مشغول ہوگئے ۔
شاہی حکومت کے خلاف امام خمینی (رح) کی قیادت میں اسلامی انقلاب کے دوران ، آیت اللہ اخوان مرعشی نے اہم کردار ادا کیا ، آپ کا گھر انقلابی قوتوں کی سرگرمیوں کا مرکز تھا ،چنانچہ آپ (رح) نے امام رضا (ع) ہسپتال کامحاصرہ توڑنے میں کلیدی کردار ادا کیا ۔ایران پر عراق کی طرف سے مسلط کردہ جنگ کے دوران بھی آیت اللہ اخوان مرعشی نے گرانقدر خدمات انجام دیں ۔
آیت اللہ اخوان مرعشی کوروضۂ امام رضا (ع) کے احاطے میں سپرد خاک کیا گيا۔