9 شہریور
9 شہریور سنہ 1286 ھ ش کو برطانیہ اور روس کی استعماری حکومتوں نے ایک معاہدہ کرکے ایران کو تین علاقوں میں تقسیم کردیا۔اس تقسیم کی بنیاد پر ایران کے مرکزي علاقے کو آزاد چھوڑدیا گیا تھا ۔شمالی علاقے اور مغرب کا ایک حصہ روس کے زير کنٹرول اور جنوبی علاقہ برطانیہ کے زیر کنٹرول علاقے میں تبدیل ہوگیا ۔ایران کی تقسیم کا معاہدہ ایسے وقت میں ہوا جب حکومت ایران قاجار بادشاہوں کی نااہلی کی وجہ سے کمزور ہوچکی تھی اور اسی بنا پر روس اور برطانیہ نے اس معاہدے کے بارے میں حکومت ایران سے مشورہ تک کرنا ضروری نہیں سمجھا ۔اسی کے ساتھ ایران کی تقسیم کے اس سمجھوتے سے ایرانی عوام میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی اور قومی مجلس شوریٰ نے بھی اس معاہدے کی مخالفت کی ۔مجلس شوریٰ کے ذریعے اس معاہدے کو نامنظور کئے جانے کے باوجود روس اور برطانیہ نے ایران کو اپنے زیر انتظام علاقوں میں تقسیم کرلیا ۔