29 شہریور

29 شہریور 1381 ہجری شمسی کو بزرگ عالم دین آیت اللہ سید محمد علی موحد ابطحی کا انتقال ہوا ۔وہ 1309 ہجری شمسی میں ایران کےشہراصفہان میں پیدا ہوئے ۔انہوں نے آٹھ سال کی عمر سے دینی تعلیم حاصل کرنا شروع کی اور پھر پندرہ سال کی عمر میں حوزہ علمیہ قم چلے گئے جہاں انہوں نے سید حسین بروجردی ، سید محمد حجت کوہ کمرہ ای ، سید محمد محقق داماد ، سید احمد خوانساری ، سید محمد رضا گلپائیگانی اور علامہ طباطبائی جیسے اساتذہ کے دروس میں شرکت کی اور معقولات و منقولات میں اعلیٰ مدارج طے کئے ۔اس کے بعد وہ 1333 ہجری شمسی میں نجف اشرف چلے گئے جہاں انہوں نے سید محسن حکیم ،سید محمود شاہرودی ، سید ابوالقاسم خوئی اورسید عبدالہادی شیرازی جیسے علماء سے کسب فیض کیا اور درجۂ اجتہاد پر فائز ہوئے ۔بیس سال بعد 1353 ہجری شمسی میں قم واپس آگئے اورحوزۂ علمیہ قم میں درس و تدریس کا سلسلہ شروع کردیا۔آیت اللہ سید محمد علی موحد ابطحی نے ایک سو سے زائد کتابیں تحریر کیں جن میں تہذیب المقال فی شرح الرّجال ، اصول الفقہ ،اخبار الرّواۃ ،المعراج اور حیاۃ الرسول خاص طور سے قابل ذکر ہیں ۔