یکم اردیبہشت
اسلامی جمہوریۂ ایران میں یکم اردیبہشت کو یوم شیخ سعدی قراردیا گيا اور ہرسال اس دن اس سلسلے میں خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا جاتا ہے ۔
شیخ مصلح الدین سعدی شیرازی سنہ 606 ہجری قمری کو شیراز میں ایک مذہبی گھرانے میں پیدا ہوئے ۔انہوں نے بغداد کے نظامیہ مدرسے سے ادبی اور دینی تعلیم حاصل کی ۔اس کے بعد انہوں نے عراق ، شام اور حجاز کا سفر کیا ۔شیخ سعدی ساتویں صدی ہجری کے وسط میں شیراز واپس آگئے ۔انہوں نے سنہ 655 ہجری قمری میں بوستان اورسنہ 656 ہجری قمری میں گلستان تحریر کی ۔
شیخ سعدی نے اپنی باقی عمر اپنے آبائی وطن میں گزاری اورسنہ 691 ہجری قمری میں پچاسی سال کی عمر میں ان کا انتقال ہوا اور انہیں شیراز میں سپرد خاک کیا گیا ۔
یکم اردیبہشت سنہ 1377 ہجری شمسی کو آیت اللہ مرتضیٰ نجفی بروجردی کو سابق صدام حکومت کے ایجنٹوں نے شہید کردیا ۔وہ سنہ 1307 ہجری شمسی میں عراق کے شہر نجف اشرف میں ایک علمی اور مذہبی گھرانے میں پیدا ہوئے ۔انہوں نے ابتدائي دینی تعلیم حاصل کرنے کے بعد آیت اللہ سید محسن حکیم اور سید ابوالقاسم خوئی جیسے عظیم اساتذہ کے درس خارج میں شرکت کی اور عظیم علمی مدارج طے کئے ۔آیت اللہ مرتضیٰ نجفی بروجردی نے تقریبا" چالیس سال تک آیت اللہ خوئي کے دروس میں شرکت کی اور ان کے فقہ و اصول کے دروس کو چالیس جلدوں پر مشتمل کتاب کی صورت میں شائع کیا ۔سابق صدام حکومت نے انہیں کئی بار صحن علوی میں نماز پڑھانے اور نوجوانوں سے تعلقات بڑھانے سے روکا لیکن آپ نے ان احکامات کی تعمیل نہ کی جس کی بنا پر سابق بعثی حکومت نے ان پرکئی قاتلانہ حملے کرائے ۔آخرکار یکم اردیبہشت سنہ 1377 ھ ش کو ایک قاتلانہ حملے میں وہ شہادت کے عظیم مرتبے پر فائز ہوئے انہیں نجف اشرف میں ہی سپرد خاک کیا گيا ۔