24 فروردین
24 فروردین 1380 ہجری شمسی کو آیت اللہ شیخ مجتبیٰ محمدی عراقی کا 86 سال کی عمر میں انتقال ہوا ۔وہ 1294 ہجری شمسی میں ایران کے شہر اراک کے ایک نواحی گاؤں میں پیدا ہوئے ۔وہ ابتدائي تعلیم حاصل کرنے کے بعد دینی علوم کی طرف راغب ہوئے اور شیخ عبدالکریم حائری یزدی سید محمد تقی خوانساری اور سید محمد حجت کوہ کمرہ ای جیسے اساتذہ سے تعلیم حاصل کی ۔انہوں نے اپنا کافی وقت تحقیق و تالیف میں گزارا اور بہت سی کتابوں کی تصحیح کی جن میں محقق اردبیلی کی 14 جلدوں پر مشتمل کتاب مجمع الفائدۃ و البرہان اور ابن ابی جمہور کی 4 جلدوں پر مشتمل کتاب غوالی اللئالی کا نام خاص طور سے قابل ذکر ہے ۔
24 فروردین سنہ 1290 ھ ش کو معروف ایرانی عالم دین آیت اللہ مجتبی حاتمی لنکرانی اصفہان میں پیدا ہوئے ۔اصفہان میں ابتدائی دینی تعلیم حاصل کرنے کے بعد اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لئے وہ نجف اشرف چلے گئے ۔نجف اشرف میں انہوں نے آیت اللہ مرزا نائینی ، آیت اللہ آقا ضیاء الدین عراقی اور آیت اللہ سید ابوالحسن اصفہانی جیسے جیّد علماء سے کسب فیض کیا اور اعلیٰ علمی مقام حاصل کیا ۔اس کے بعد انہوں نے نجف اشرف میں تدریس کا آغاز کردیا ۔انہوں نے کچھ عرصے تک سامرا میں بھی قیام کیا ۔عراقی حکومت کی جانب سے زبردستی نکالنے جانے کے بعد وہ اپنے آبائی وطن لوٹ آئے ۔انہوں نے اصفہان واپس آنے کے بعد دینی علوم کی تدریس اور لوگوں کی ہدایت کے فرائض انجام دئے ۔75 سال کی عمرمیں ان کا انتقال ہوگیا ۔