31 فروردین
31 فروردین 1256 ھ ش کو آیت اللہ سید محسن حسن ایران کے صوبہ خراسان کے ایک دیہات خسرویہ میں پیدا ہوئے ۔وہ بعد میں آقا نجفی قوچانی کے نام سے معروف ہوئے ۔
انہوں نے ابتدائی دینی تعلیم قوچان میں حاصل کی ۔اس کے بعد وہ سبزوار اور مشہد چلے گئے ۔پھر وہ چار سال تک اصفہان میں دینی تعلیم حاصل کرتے رہے ۔اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لئے انہوں نے نجف اشرف کا رخ کیا جہاں انہوں نے آخوند خراسانی اور شیخ الشریعہ اصفہانی سے کسب فیض کیا ۔تیس سال کی عمر میں آپ درجۂ اجتہاد پر فائز ہوگئے ۔نجف اشرف میں بیس سال رہنے کے بعد آپ اپنے آبائي وطن واپس لوٹ آئے ۔آقا نجفی قوچانی نے متعدد کتابیں تحریر کیں جن میں سیاحت شرق ، سیاحت غرب اور اثبات رجعت بہت مشہور ہیں ۔
31 فروردین 1366 ہجری شمسی کو معروف ایرانی مفکر اور مفسر قرآن استاد محمد تقی شریعتی کا 80 سال کی عمر میں انتقال ہوا۔وہ 1286 ہجری شمسی میں پیدا ہوئے اور ابتدائی تعلیم مکمل کرنے کے بعد اسلامی ثقافت و معارف کی نشر واشاعت میں مشغول ہوگئے ۔مشہد مقدس میں انہوں نے کانون نشر حقائق اسلامی نامی ایک ادارہ قائم کیا اور اپنی پوری زندگي اسلامی احکام و قوانین کی تبلیغ میں بسر کی ۔