3 صفر
3 صفر سنہ 57ھ ق کو ایک روایت کے مطابق ، فرزند رسول حضرت امام باقر (ع) پیدا ہوئے ۔ اہل بیت (ع) کے ساتھ مختص معنوی اور علمی کمالات آپ میں نمایاں تھے ۔آپ کو اپنے دور امامت میں مسلمانوں کی فکری اور ثقافتی بنیادیں مستحکم کرنے کا موقع ملا ۔ آپ کے اور آپ کے فرزند حضرت امام جعفر صادق (ع) کی درسگاہ میں بہت سے علوم کی بنیاد پڑی اورآپ کے شاگردوں نے ان علوم کو پھیلانے میں بہت اہم کردار ادا کیا ۔حضرت امام محمّد باقر (ع) نے مدینۂ منورہ میں ایک درسگاہ کی بنیاد رکھی ان کے شاگردوں میں معروف شیعہ و سنّی علما و فقہا شامل تھے جنہوں نے اسلامی علوم خاص طور پر فقہ و حدیث کے میدان میں نمایاں خدمات انجام دیں ۔
3 صفر سنہ 1363 ھ ق کو مشہور عالم دین ، فقیہ اور عارف آیت اللہ مرزا محمد علی شاہ آبادی (رح) نے وفات پائی ۔آیت اللہ مرزا محمد علی شاہ آبادی ابتدائی دینی تعلیم اپنے والد اور بھائی سے حاصل کرنے کے بعد عراق کے شہر نجف اشرف چلے گئے جہاں انہوں نے ممتاز اساتذہ سے کسب فیض کیا ۔ایران واپس آکر وہ دین اسلام کی تعلیمات کی نشر و اشاعت میں مصروف ہوگئے ۔آیت اللہ شاہ آبادی کو عرفان و سلوک اور فلسفے میں خاص مہارت حاصل تھی اور حوزہ علمیہ قم میں آپ ان علوم کی تدریس کرتے تھے ۔بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی (رح) بھی آيت اللہ شاہ آبادی کے شاگردوں میں سے تھے ۔ آیت اللہ شاہ آبادی نے متعدد کتابیں تحریر کیں ۔جن میں سے” القرآن و العترت“ ، ”الانسان و الفطرت “اور” مفتاح السعادۃ “خاص طور پر قابل ذکر ہیں۔