19 صفر
19 صفر سنہ 171 ھ ق کو ایران کے ماہر فلکیات اور منجم ابومعشر بلخی پیدا ہوئے ۔ انہیں ستارہ شناسی سے بہت لگاؤ تھا ،اسی لگاؤ کی بنا پر وہ بغداد گئے اور اس شعبے میں تعلیم حاصل کی ۔انہوں نے علم نجوم میں عربی ، ہندی ،یونانی اور سریانی زبانوں میں لکھے گئے مختلف مآخذ سے استفادہ کیا ۔ اپنی بھر پور محنت اور کوشش سے وہ اپنے دور کے مشہور ترین منجم بن گئے ۔ان کی اہم کتابوں میں” المَدخَلُ الکبیر اور المَوالیدُ الصّغیرہ“ شامل ہیں ۔
19 صفر سنہ 1383 ھ ق کو اسلامی علوم کے عظیم مدرس آيت اللہ العظمیٰ الحاج سید مرتضیٰ لنگرودی کا انتقال ہوا ۔انہیں قم میں حضرت معصومہ کے حرم مقدس میں سپرد خاک کیا گيا ۔وہ سنہ 1306 ھ ق میں ایران کے شمالی شہر لنگرود کے قریب پیدا ہوئے اور نوجوانی میں ایک عرصے تک قزوین کے دارالعلم میں تعلیم حاصل کرتے رہے ۔اس کے بعد تہران میں آیت اللہ تنکابنی جیسے بزرگ علما سے فقہ کی تعلیم حاصل کی ۔آیت اللہ لنگرودی نے سنہ 1338 ھ ق میں نجف اشرف کا سفر کیا اور وہاں کئی برس تک آیت اللہ نائینی سے کسب فیض کرتے رہے ۔اس کے بعد درجۂ اجتہاد پر فائز ہوئے اور ان کا شمار حوزرۂ علمیۂ نجف کے بہترین مدرسین اور اساتذہ میں ہونے لگا ۔انہوں نے ایک طویل عرصے تک درس و تدریس کا سلسلہ جاری رکھا اور کئی کتابیں بھی لکھیں۔