یکم رمضان
یکم رمضان المبارک سن 428 ہجری قمری کو" شیخ الرئیس " کے نام سے معروف اہم ایرانی منجم ، فلسفی ، ریاضیدان اور طبیب بوعلی سینا کا 58 برس کی عمر میں ایران کے مغربی شہر ہمدان میں انتقال ہوا۔
انہوں نے بچپن میں ہی قرآن مجید حفظ کرلیا تھا۔ خود بوعلی سینا کے بقول انہوں نے 18 سال کی عمر میں ہی اس دور کے تمام علوم حاصل کرلئے تھے بوعلی سینا ان افراد میں سے تھے جو صلاحیت اور قابلیت کے لحاظ سے انسانی کمال کی حد تک پہنچے ہوئے اور تحقیق میں نہایت سنجیدہ تھے ۔وہ مشرق اور مغرب میں ممتاز فلسفی اور طبیب کی حیثیت سے معروف تھے ۔
ابن سینا کے معاصر دانشوروں کے نظریات پر ان کے افکار کا گہرا اثر ہوا۔جس کا سلسلہ صدیوں تک جاری رہا ۔ابن سینا کی متعدد اور بیش بہا کتب میں " شفا " ، " قانون " اور دانشنامۂ علائی خاص طور سے قابل ذکر ہیں ۔
یکم رمضان المبارک سن 732 ہجری قمری کو تیونس کے معروف سیاستدان ، مورخ اور ماہر سماجیات " ابن خلدون " پیدا ہوئے ۔ابن خلدون کی زندگی کو تین حصّوں میں تقسیم کیا جاسکتا ہے ۔پہلا حصّہ انہوں نے مختلف علوم کی تحصیل میں گزارا ۔زندگی کے دوسرے حصے میں میدان سیاست میں بھر پور حصّہ لیا اور اس دور میں وہ ملک کے بہت سے سرکاری عہدوں پر فائز رہے ۔پھر انہوں نے آہستہ آہستہ سیاست سے کنارہ کشی اختیار کرلی ، اور درس و تدریس میں لگ گئے ۔یہ زمانہ ابن خلدون کی زندگی کے تیسرے حصّے کا آغاز تھا، جوزمانہ سیاست سے کنارہ کشی اور تحقیقی اور تالیفی زمانے کے نام سے موسوم ہے ۔