2 رجب

2 رجب سنہ 221 ھ ق کو مشہور عربی شاعر ابن رومی (رح) بغداد میں پیدا ہوئے ۔انہوں نے اپنی ابتدائی تعلیم اپنے والد سے حاصل کی اور بعد میں اس دور کے عظیم اساتذہ سے کسب فیض کیا ۔ابن رومی (رح) کواپنے زمانے کے رائج علوم خاص کر ادب اور شاعری پر عبور حاصل کیا ۔ان کی خاص بات یہ تھی کہ لوگ انہیں حضرت امام حسن عسکری (ع) کا خصوصی شاعر کہتے تھے ۔انہوں نے حضرت امام حسن عسکری (ع) کی شان میں بہت خوبصورت شاعری کی ہے ۔ان کی شاعری پڑھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ ان کوشعر کہنے پر بہت ملکہ حاصل تھا۔ان کا انتقال سنہ 283 ھ ق میں ہوا ۔

 

 

2 رجب سنہ 440 ھ ق کو ایران کے ایک عظیم دانشور ابوریحان بیرونی نے شہر غزنہ میں وفات پائی ۔جعرافیہ ، نجوم اور ریاضی جیسے علوم پر مکمل عبور رکھنے والے اس عظیم دانشور نے بچپن سے ہی قرآن کریم سے اپنی تعلیم کا آغاز کیا ۔انہوں نے جوانی میں متعدد سفر کئے اوراپنی معلومات میں اضافہ کیا ۔ابوریحان بیرونی کوتعلیمی دور کے شروع سے ہی علم ریاضي اور طبیعیات سے اس قدر دلچسپی تھی کہ مختصر مدت میں ہی خود مذکورہ علوم کے استادوں میں شمار ہونے لگے ۔اس کے بعد وہ تاریخ اورجغرافیہ کی طرف متوجہ ہوئے۔پھر طب ،دواسازی ، معدنیات اور نجوم جیسے علوم حاصل کئے ۔اس مسلمان فلسفی ، حکیم اور مفکر کو عربی ، یونانی اور سنسکرت سمیت اس زمانے کی بہت سی زبانوں پر عبور حاصل تھا ۔ان کی اہم کتابوں میں آثار الباقیہ ، تحقیق ماللہند اور الجواہر قابل ذکر ہیں ۔