20 ربیع الاول
20 ربیع الاول سنہ 450 ھ ق کو مسلمان ادیب اور فقیہ ابوطیب طبری کا بغداد میں انتقال ہوا ۔وہ سنہ 348 ھ ق میں ایران کے شہر آمل میں پیدا ہوئے تھے ۔انہوں نے کسب علم کے لئے مختلف ممالک کے سفر کئے ۔ابوطیب نے آخر میں بغداد میں سکونت اختیار کرلی تھی اور درس و بحث میں مشغول ہوگئے ۔وہ پھر اپنے دور کے معروف علما میں شمار ہونے لگے اور عمر کے آخری حصے تک منصب قضاوت سے وابستہ رہے ۔ابوطیب کو شعر و ادب سے بھی لگاؤ تھا اور انہوں نے شعر بھی کہے ہیں ۔ ان کی تالیفات میں "جواب فی السماع و الغناء" اور دس جلدوں پر مشتمل کتاب التعلیقۃ الکبری فی الفروع قابل ذکرہے ۔
20 ربیع الاول سنہ 507 ھ ق کو چوتھی صدی ہجری کے مشہور ایرانی ادیب اور شاعر محمد بن احمد عثمانی ابی وردی کا ایران کے ایک شہر اصفہان میں انتقال ہوا ۔انہیں شاعری کے علاوہ ادب ، علم الانساب ، حدیث ، تاریخ اور بہت سے دیگر علوم میں بھی مہارت حاصل تھی ۔اس کے علاوہ فن کتابت میں بھی انہیں شہرت حاصل تھی ۔ان کی کتابیں آج بھی لغت شناسی کے اہم ترین منابع میں شمار ہوتی ہیں ۔ابی وردی کے اشعار خاص حسن و زیبائی کے حامل ہیں اور ان کا بیان نہایت شیریں اور رواں ہے ۔ان کی تالیفات میں تاریخ ابی ورد اور طبقات العلوم کا نام لیا جا سکتاہے ۔