16 ربیع الاول

16 ربیع الاول سنہ 1 ھ ق کوبعض روایات کے مطابق رسول اکرم (ص) نے مکے سے ہجرت کے بعد پہلی نماز جمعہ قائم کی ۔جب رسول اکرم (ص) مدینے کے نزدیک پہنچے تو زوال کا وقت ہورہا تھا ، اس وقت آپ نے بنی سالم بن عوف قبیلے کے علاقے میں ، جس کا نام قبا تھا ، خطبہ دیا اور نماز جمعہ قائم کی ۔مورخین کے مطابق یہ پہلی نماز جمعہ تھی جو مدینے میں قائم کی گئی اوریہ امر نماز جمعہ کے سیاسی اور مذہبی فریضے کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے ۔بتایا جاتا ہے کہ رسول اکرم (ص) نے جس جگہ پر پہلی نماز جمعہ قائم کی تھی اس جگہ پر بعد میں ایک مسجد تعمیر کی گئی جو آج بھی موجود ہے ۔

 

 

16 ربیع الاول سنہ 1071 ھ ق کو معروف دانشور اور فقیہ ملا عبداللہ تونی نے ایران کے مغربی شہر کرمانشاہ میں وفات پائی ۔ وہ فاضل تونی کے نام سے معروف تھے ۔انہوں نے اصفہان کے ایک دینی مدرسے میں اپنی ابتدائی تعلیم کا آغاز کیا اور مزيد علمی مدارج طے کرنے کے بعد کچھ کتب شائع کیں جن میں سے علم اصول فقہ کی کتاب وافیہ خاص طور پر قابل ذکر ہے ۔فاضل تونی کی دیگر تصانیف میں حاشیہ بر مدارک ،حاشیہ بر معالم اور فہرست تہذیب شیخ طوسی کی طرف اشارہ کیا جا سکتا ہے ۔