15 ربیع الاول
15 ربیع الاول سنہ 1294 ھ ق کو معاصر ادیب ، محقق اور مورخ محمد قزوینی تہران میں پیدا ہوئے ۔ابتدائی تعلیم حاصل کرنے کے بعد انہوں نے اپنے دور کے بڑے ادیبوں سے کسب فیض کیا ۔قزوینی نے تعلیم مکمل کرنے کے بعد یورپ کا سفر کیا ۔اس سفر میں مشہور دانشور ایڈورڈ براؤن سے ان کی ملاقات ہوئی جس کے بعد قزوینی کی تحقیقی سرگرمیوں میں تیزی آگئی ۔اس عظیم دانشور اور فارسی کے محقق و ادیب کے اہم کارناموں میں یورپ کے عجائب گھروں میں موجود ، فارسی کے قلمی نسخوں کی نقل اور تصویر تیار کرنا ،مرزبان نامہ ، دیوان حافظ اور عروضی کی کتاب چہار مقالہ پر حواشی اور ان کی کتاب تاریخ و زندگی در عصر حافظ کا نام قابل ذکر ہے ۔
15 ربیع الاول سنہ 1 ھ ق کو رسول اکرم (ص) نے پہلی مسجد کی بنیاد رکھی ۔یہ مسجد مدینے میں تعمیر ہوئی جو مسجد قبا کے نام سے مشہور ہے ۔حضوراکرم (ص) دینی و عبادتی فرائض کے علاوہ مسلمانوں کے تمام تعلیمی ،تربیتی ، سیاسی ،سماجی اور عدل و انصاف سے متعلق امور کی انجام دہی کے لئے مسجد سے ایک مرکز کی حیثیت سے کام لیتے تھے ۔مسجد قبا مسلمانوں کی پہلی عبادتگاہ کی حیثیت سے آج بھی مدینے کی اہم عبادتگاہوں اور عمارتوں میں شمار ہوتی ہے ۔