11 ربیع الاول

11 ربیع الاول سنہ 1354 ھ ق کو ممتاز عالم دین آیت اللہ سید حسن صدر نے وفات پائی ۔ وہ ان فقہا میں تھے جو جوانی میں ہی درجۂ اجتہاد پر فائز ہوگئے تھے اور عراق کے شہر نجف کی اعلیٰ دینی درسگاہ کے معروف اساتذہ میں ان کا شمار ہوا ۔آیت اللہ سید حسن صدر ، صدر الدین کے نام سے مشہور تھے اور فقہ ، اصول فقہ ، کلام ، حکمت و حدیث میں خاص علم و مہارت رکھتے تھے ۔ ان کی تصانیف میں کتاب " تاسیس الشیعۃ الکرام لفنون اسلام " اور" تحصیل الفروع الدینیہ فی الفقہ الاسلامیہ " کی طرف خاص طور سے اشارہ کیاجا سکتا ہے ۔

 

 

11 ربیع الاول سنہ 1293 ھ ق کو عظیم مسلمان فقیہ دانشور اور ماہر کتابیات الحاج شیخ آغا بزرگ تہرانی ، تہران میں پیدا ہوئے ۔ انہوں نے ابتدائی تعلیم تہران میں حاصل کی ۔ وہ اعلیٰ تعلیم کے لئے عراق کے شہر نجف اشرف چلے گئے ۔نجف کی اعلیٰ دینی درسگاہ میں آخوند خراسانی اور الحاج میرزا حسین نوری جیسے ممتاز علما سے کسب فیض کیا اور درجۂ اجتہاد تک پہنچے ۔اس کے بعد شیخ آغا بزرگ تہرانی ، اسلام سے متعلق کتابیات کی ایک سب سے بڑی انسائیکلو پیڈیا کی ترتیب کے لئے تحقیق و مطالعے میں مشغول ہوگئے جس کے لئے طویل سفر طے کرکے ایران ، عراق ، مصر ، شام ، حجاز ، فلسطین اور دیگر ممالک کے کتب خانوں میں جاکر تحقیقات انجام دیں اور "الذریعہ الیٰ تصانیف الشیعہ " نامی کتاب جو 26 جلدوں پر مشتمل ہے ،لکھنے میں کامیاب ہوگئے ۔ آغا بزرگ تہرانی متعدد سفر کرنے اور طویل بیماری کے باعث نجف اشرف میں سنہ 1389 ھ ق میں انتقال کرگئے ۔انہیں ان کی وصیت کے مطابق نجف میں ان کے کتب خانے میں سپرد خاک کیا گیا ۔