9 جمادی الاول

9 جمادی الاول سنہ 786 ھ ق کو شہید اول کے نام سے مشہور دنیائے اسلام کے عظیم محدث اور فقیہ ابوعبداللہ محمد بن مکی عاملی (رح) شہید ہوئے ۔وہ سنہ 734 ھ ق میں لبنان کے علاقے جبل عامل میں پیدا ہوئے ، علمی گھرانے میں پرورش پائی اور دینی علوم کی تعلیم شروع کی ۔شہید اول نے علامہ حلّی جیسے عظیم اساتذہ سے کافی استفادہ کیا اور اپنی دینی معلومات کی تکمیل کی ۔وہ دینی علوم کے علاوہ شعر و ادب میں بھی مہارت رکھتے تھے اور کبھی کبھی دوسروں کی غلط باتوں کا جواب شعر میں بھی دیا کرتے تھے ۔شہید اول نے اپنی باون سال کی با برکت عمر میں متعدد سفر کے باوجود بہت سی کتابیں تالیف کیں جن میں " الباقیات الصالحات " کانام خاص طور سے لیا جا سکتا ہے ۔

 

9 جمادی الاول سنہ 1346 ھ ق کو ایران کے مشہور عالم دین آيت اللہ العظمیٰ سید ابوتراب خوانساری (رح) نے وفات پائي ۔وہ سنہ 1271 ھ ق میں ایران کے ایک مرکزی شہر خوانسار میں پیدا ہوئے اورابتدائی تعلیم مکمل کرنے کے بعد پہلے اصفہان کے حوزہ علمیہ اور پھر حوزۂ علمیہ نجف اشرف میں اس وقت کے ممتاز اساتذہ سےکسب فیض کیا اور معقولات و منقولات ، فقہ ، اصول فقہ ،حکمت اور تفسیر میں کمال حاصل کیا ۔اس کے بعد حوزۂ علمیہ نجف اشرف میں فقہ اور اصول فقہ کی تدریس کا سلسلہ شروع کیا ۔آيت اللہ العظمیٰ خوانساری (رح) نے بہت سی کتابیں تالیف کی ہیں جن سے اس عالم ربانی کی علمی گہرائی و گيرائي کا پتہ چلتا ہے ، آپ کی تالیفات میں مصباح الصالحین کا نام خاص طور سے لیا جا سکتا ہے ۔