19 جمادی الاول
19 جمادی الاول 796 ھ ق کو ایرانی دانشور اور منجم الغ بیگ پیدا ہوئے ۔انہوں نے اپنے دادا امیر تیمور گورگانی کے دربار میں پرورش پائي اور بعد میں ماوراء النہر کے فرمانروا مقرر ہوئے ۔تیمور کے برخلاف الغ بیگ کو دوسرے ملک فتح کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں تھی انہوں نے 824 ھ ق میں سمرقند شہر میں ایک مدرسہ بنوایا جس میں خاص طور سے علم نجوم پڑھایا جاتا تھا ۔الغ بیگ کا ایک اور اہم اقدام سمرقند میں ایک رصد خانے کا قیام تھا الغ بیگ کا 853 ہجری قمری میں انتقال ہوا ۔
19 جمادی الاول 911 ھ ق کو مشہور فقیہ ، محدث اور لغت شناس ابوالفضل عبدالرحمن جلال الدین سیوطی کا قاہرہ میں انتقال ہوا ۔وہ 849 ھ ق میں پیدا ہوئے ۔انہوں نے نوجوانی میں ہی قرآن کریم حفظ کرلیا تھا ۔انہوں نے برسوں تک فقہ ، حدیث ، تفسیر نحو اور لغت کی تعلیم حاصل کی اور ان علوم میں کمال حاصل کیا ۔ان کی تالیفات کی تعداد تین سو سے پانچ سو کے درمیان بیان کی جاتی ہے ۔الکتاب الکبیر ، تاریخ الخلفاء اور الالفیہ فی النحو ان کی اہم کتابوں میں شامل ہیں ۔