یکم ستمبر
یکم ستمبر سنہ 1915 ع کو اردو کے مشہور افسانہ نگار راجندر سنگھ بیدی لاہور میں پیدا ہوئے ۔انہوں نے اپنی ادبی زندگی کا آغاز طالب علمی کے زمانے سے ہی محسن لاہوری کے قلمی نام سے کیا۔اس نام سے ان کی کئی تحریریں لاہور کے اخبارات میں شائع ہوئیں ۔سنہ 1931 ع میں انہوں نے ایک کامیاب رومانوی افسانہ " مہارانی کا تحفہ " لکھا جو ادبی دنیا میں شائع ہوا ۔سنہ 1933 ع میں انہوں نے رومانوی انداز ترک کرکے حقیقت پسندانہ افسانے لکھنے شروع کئے ۔
راجندر سنگھ بیدی کے افسانوں کے مجموعے ، دانہ و دام ، گرہن ، کوکھ جلی ، اپنے دکھ مجھے دیدو ، ہاتھ ہمارے قلم ہوئے اور مہمان کے نام سے شائع ہوئے ۔اس کے علاوہ بے " جان چیزیں " اور " سات کھیل " کے نام سے ڈراموں کے دومجموعے بھی شائع ہوئے ۔راجندر سنگھ بیدی کو متعدد اعزازات بھی ملے ۔11 نومبر سنہ 1984 ع کو ان کا انتقال ہوا ۔
یکم ستمبر سنہ 1847 ع کو ماسٹر رام چندر نے اردو زبان میں پہلے علمی اور ادبی باتصویر ماہنامے خیرخواہ ہند کا اجرا کیا۔ماسٹر رام چندر نے 13 مارچ سنہ 1845 ع کو فوائد الناظرین کے نام سے ایک پندرہ روزہ علمی رسالہ جاری کیا تھا بعد میں انہوں نے اس میں خبریں بھی شائع کرنی شروع کردیں لیکن اس کا علمی رنگ برقرار رکھا ۔انہوں نے فوائد الناظرین کے دامن کو اپنی وسیع النظری ، انسان دوستی اور آزادی فکر کے اظہار کے لئے تنگ پایا اور بالآخر یکم ستمبر سنہ 1847 ع کو ایک ماہنامے کا اجرا کیا جس کا نام پہلے خیر خواہ ہند رکھا لیکن دو شماروں کے بعد اس کا نام بدل کر محبّ ہند رکھ دیا۔سنہ 1851 ع میں یہ رسالہ بند ہوگیا۔
یکم ستمبر سنہ 1815 ع کو پیرس میں انیسویں صدی عیسوی کے مشہور فرانسیسی قلمکار اور ڈرامہ نویس اوژن لابیش پیدا ہوئے ۔انہیں طنز نگاری اور المیہ نگاری دونوں میں مہارت حاصل تھی ۔ان کی تخلیقات کافی مقبول تھیں ۔اوژن لابیش نے اپنی عمر کے آخری حصے میں فرانس اکیڈمی کی رکنیت حاصل کی ۔سنہ 1888 ع میں ان کاانتقال ہوا۔
یکم ستمبر سنہ 1969 ع کو لیبیا میں کرنل قذافی نے ایک کودتا کے ذریعے ملک کی باگ ڈور اپنے ہاتھ میں لے لی ۔جب کرنل قذافی نے حکومت کا تختہ الٹا ، اس وقت لیبیا میں بادشاہی نظام اور ادریس اوّل کی حکومت تھی ۔ادریس اول علاج کے لئے ترکی گئے ہوئے تھے کہ کرنل قذافی کی قیادت میں نوجوان فوجی افسروں کے ایک گروپ نے فوجی بغاوت کے ذریعے بادشاہت کا خاتمہ کردیا اور ملک میں صدارتی نظام حکومت نافذ کیا۔لیبیا شمالی افریقہ میں واقع ہے اور مصر ، سوڈان ، چاڈ ، نائیجیریا ، الجزائر اور تیونس اس کے پڑوسی ممالک ہیں ۔