31 مارچ
31 مارچ سنہ 1948 کو قاہرہ سے بندرگاہ حیفا جانے والی ریل گاڑی میں بم دھماکہ ہوا ۔یہ دھماکہ صیہونی گروہ اشٹرن نے کیا ۔اس دھماکے میں 40 فلسطینی شہید اور 60 زخمی ہوگئے ۔اس دھماکے سے چار دن قبل بھی فلسطین میں صیہونیوں نے ایک ٹرین کو دھماکے سے اڑایا تھا ۔اس دھماکے میں 24 فلسطینی شہید اور 61 زخمی ہوئے تھے ۔
صیہونی ، پبلک مقامات اور دیہاتوں پر حملے اور بسوں اور ٹرینوں میں دھماکے کرکے صیہونی ریاست کی تشکیل کا راستہ ہموار اور فلسطینیوں کو ترک وطن پر مجبور کرنا چاہتے تھے ۔
31 مارچ سنہ 1889 کو ایفل ٹاور کی تعمیر مکمل ہوئی ۔سنہ 1887 میں پیرس میں انقلاب فرانس کی گولڈن جوبلی تقریبات کے موقع پر ایک صنعتی نمائش کا اہتمام کیا گیا ۔اس نمائش کے منتظمین نے نمائش کو یادگار بنانے کی بہت سی تجاویز پر غور کیا جن میں انہیں فرانسیسی انجینئر گسٹاؤ ایفل کی تجویز سب سے زیادہ پسند آئی ۔
گسٹاؤ ایفل نے اس نمائش کے لئے کاسٹ آئرن سے 300 میٹر بلند مینار بنانے کی تجویز پیش کی ۔
31 مارچ سنہ 1889 کو یہ مینار اپنی انتہائی بلندی 302 میٹر یا 984 فٹ تک پہونچ گیا ۔
یہ مینار دو سال دو ماہ اور دو دن کے بعد مکمل ہوا ۔
31 مارچ سنہ 1809 عیسوی کو روس کے مشہور ڈرامہ نویس اور مصنف نیکولائی گوگول یوکرائن میں پیدا ہوئے انہیں طنز و مزاح سسپنس سے بھر پور کہانیاں لکھنے میں مہارت حاصل تھی ۔انہوں نے اپنی کہانیوں میں روسی عوام کی زندگي کے کئی پہلوؤں کا جائزہ لیاہے ۔
گوگول نے روم کا سفر کرنے کے بعد مذہبی خطوط نامی کتاب لکھی ۔یہ کتاب روسی ادب کے شہ پاروں میں شمار کی جاتی ہے ۔
31 مارچ سنہ 1596 عیسوی کو فرانس کے مشہور فلسفی ، ریاضی دان اور ماہر فزکس ڈکارٹ پیدا ہوئے ۔وہ فلسفہ اور ریاضی میں تعلیم مکمل کرنے کے بعد پروفیسر بنے ۔وہ ریاضی کو مکمل طور پر سمجھتے تھے اور اس علم کو تمام انسانی علوم میں استعمال کرنے کا ارادہ رکھتے تھے ۔ڈکارٹ فلسفے میں بھی ید طولیٰ رکھتے تھے ۔بعض لوگوں نے تو انہیں جدید فلسفے کا بانی بھی کہا ہے ۔
انہوں نے فلسفے کے علاوہ فزکس میں بھی وسیع تحقیقات انجام دی ہیں ۔ڈکارٹ کی کتابوں میں " اصول فلسفہ " اور افکار ما بعد الطبیعیات " قابل ذکر ہیں ۔
31 مارچ سنہ 1979 ع کو عرب لیگ کے رکن ممالک نے مصر کی رکنیت معطل کردی اور اکثر عرب ممالک نے قاہرہ کے ساتھ اپنے تعلقات منقطع کرلئے ۔یہ اقدام کیمپ ڈیوڈ معاہدے کے خلاف رد عمل کے طور پر کئے گئے ۔جنوری سنہ 1978 میں مصر کے سابق صدر انور سادات نے صیہونی حکومت کے ساتھ کیمپ ڈیوڈ معاہدے پر دستخط کئے تھے ۔
امریکہ کی کوششوں نیز p.l.o سمیت بعض عرب ممالک کی جانب سے اسرائیل مخالف موقف سے دستبردار ہونے کے نتیجے میں آخرکار سنہ 1980 کے عشرے میں عرب لیگ میں مصر کی دوبارہ واپسی کی راہ ہموار ہوگئی ۔
31 مارچ سنہ 1980 ع کو مشہور امریکی ایتھلیٹ جے سی اوونز ( j c owens ) نے وفات پائی ۔
اس کا اصل نام جیمز کلوّلینڈ ( james cleveland owens ) تھا ۔جے سی اوونز 12 ستمبر سنہ 1913 کو ریاست الابامہ میں پیدا ہوا ۔اسکول کے دنوں سے ہی اس نے دوڑوں کے مقابلوں میں حصّہ لینا شروع کیا اور اسی دوران 9 اعشاریہ 4 سیکنڈ میں 100 میٹر کا فاصلہ طے کرکے عالمی ریکارڈ برابر کیا ۔
25 مئی سنہ 1935 کو اس نے 45 منٹ کے قلیل عرصے میں مختلف دوڑوں اور لانگ جمپ کے مقابلوں میں چھ عالمی ریکارڈ قائم کئے ۔سنہ 1936 میں اس نے برلن اولمپکس میں چار طلائی تمغےجیت کر ایک منفرد اعزاز حاصل کیا ۔