19جولائی

 19جولائی 1940 ء کو عالم اسلام کے معروف خطّاط ابن مقلہ کو قتل کردیا گیا ۔ ان کا پورا نام ابو علی محمد بن علی بن حسین بن مقلہ بیضاوی تھا ۔ وہ 31 مارچ 886 ء کو بغداد میں پیدا ہوئے تھے اور وہیں فارغ التحصیل ہوئے ۔ ابن مقلہ علم فقہ ، تفسیر ، تجوید ، ادب ، شعر ، انشا پردازی اور خوش نویسی میں بے حد مہارت رکھتے تھے ۔ ابن مقلہ پہلے شخص تھے جنہوں نے خطاطی کے قواعد و ضوابط وضع کئے اور خطاطی میں ایک تنظیم کی بنیاد رکھی ۔ حروف ابجد کی نئی ترتیب معین کی جو آج بھی رائج ہے ۔ خط کوفی کی پیچیدگیوں کو مٹاکر چھے خطوط خط ثلث ، خط ریحان ، خط محقق ، خط توقیع ، خط نسخ اور رقاع ایجاد کئے اور اعراب یعنی زیر ، زبر اور پیش و غیرہ کی بھی ایجاد کی ۔

 


 

 19 جولائی 1834 ء کو مشہور فرانسیسی مصوّر ایڈگر ڈیگاس پیرس میں پیدا ہوئے ۔ ڈیگاس کا شمار ان مصوّروں میں ہوتاہے جنہوں نے ایمپریشنسٹ تحریک کی بنیاد رکھی ۔ ابتدا میں ڈیگاس کلاسیکل مصوری کی طرف رجحان رکھتے تھے ، 1865 ء کے بعد انہوں نے تھیئٹر اور اس سے متعلق موضوعات پر فن پارے تخلیق کئے ۔ 1873ء میں ڈیگاس کے طرز میں جدتیں پیدا ہوئیں ڈیگاس کو مصوری کے علاوہ مجسمہ سازی سے بھی لگاؤ تھا ، ان کے آخری دور کی مصوری اور مجسمہ سازی میں پہلے ڈانسرز کے فن پارے نمایان ہیں ۔ ڈیگاس 1917 ء میں انتقال کرگئے ۔

 


 

 19 جولائی 1881 ء کو معروف جرمن دانشور اور ماہر کیمیا " ہرمن اشٹوڈینگر " پیدا ہوئے ۔ انہوں نے کمیسٹری کے شعبے میں وسیع تحقیقات کیں ، جن کے صلے میں ان کو 1953 ء میں کمیسٹری کا نوبل انعام دیا گیا ۔ ہرمن اشٹوڈینگر 84 سال کی عمر میں انتقال کرگئے ۔

 


 

 19 جولائی 1979 ء کو نیکاراگوئے میں آمر حکمران سوموزا کے خلاف عوامی انقلاب کامیاب ہوا ۔ سوموزا امریکہ کی حمایت سے 1967 ء میں برسراقتدار آئے انہوں نے امریکی ایجنٹ کے طور پر آمرانہ انداز میں حکومت کی ۔ چنانچہ ابتدا سے ہی عوام سوموزا حکومت کے خلاف تھے ، اسی لئے ان کے خلاف بھرپور عوامی تحریک چلی ۔ نیکاراگوئے کے سینڈینسٹ چھاپہ ماروں نے 1963 ء میں مسلّح جد و جہد شروع کی ابتدا میں یہ منتشر ہوکر کارروائی کرتے تھے لیکن 1970 ء کے عشرے کے اواخر میں سوموزا حکومت کے خلاف ان کی کاروائیاں وسیع بنیادوں پر انجام پانے لگیں ، یہاں تک کہ نیکاراگوائے کے شہر یکے بعد ديگرے عوام کی حمایت سے سینڈینسٹ چھاپہ ماروں کے قبضے میں آنے گئے ، بالاخر آمر حکمران سوموزا ملک سے فرار کرگئے ، جس کے نتیجے میں 19 جولائی 1979 ء کو سینڈینسٹ چھاپہ مار دارالحکومت ماناگوا میں داخل ہوئے اور نیکاراگوئے کا انقلاب کامیابی سے ہمکنار ہوا ۔ نیکاراگوئے کے انقلاب کے دوران تقریبا" 40 ہزار افراد مارے گئے اور دو لاکھ سے زیادہ افراد بے گھر ہوئے ۔ سینڈینسٹ چھاپہ ماروں کی کامیابی کے بعد امریکہ نے نیکاراگوئے کی نئی حکومت کے خلاف سازشوں کا جاں پھیلادیا ، اور نیکاراگوئے کے انقلاب مخالف افراد پر مشتمل ایک چھاپہ مار گروپ بنایا جس نے غیرفوجیوں خاص طور پر کسانوں کو زیادہ نقصان پہنچایا ۔ نیکاراگوئے بحر اوقیانوس اور بحیرۂ کیریبین کے ساحل پر براعظم وسطی امریکہ میں واقع ہے ، اس کی سرحدیں کاسٹاریکا اور ہینڈوراس سے ملتی ہیں ۔ نیکاراگوئے کا رقبہ 130،700 مربّع کلومیٹر ہے ۔