3 جنوری
3 جنوری سنہ 1990 کو اس وقت جب دنیا بھر میں حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے یوم ولادت کا جشن منایا جا رہا تھا امریکہ نے چھوٹے سے ملک پنامہ پر حملہ کردیا ۔امریکہ نے جمہوریت قائم کرنے کے بہانے پنامہ پر حملہ کیا لیکن امریکی حملے کی اصل وجہ اپنے تسلط پسندانہ مفادات کا تحفظ اور پنامہ میں کٹھ پتلی حکومت قائم کرنا تھا تاکہ اس طرح وہ نہر پنامہ پر جو امریکہ کے لئے فوجی اہمیت کی حامل تھی اپنا تسلط قائم کرسکے ۔نہر پنامہ جو بحر اطلس اور بحر الکاہل کو ایک دوسرے سے ملاتی ہے ۔تجارتی اور بحری نقل و حمل کے لحاظ سے خاص اہمیت کی حامل ہے اور اسی وجہ سے یہ آبی راستہ بہت پہلے سے امریکہ کے سیاسی اور فوجی اہداف میں شامل تھا ۔امریکہ نے پنامہ میں اپنے وسیع فوجی حملوں کا آغاز فضائیہ اور چھاپہ مار فورس کے 25 ہزار فوجیوں کے ذریعے کیا اس جارحانہ حملے کے نتیجے میں فوجیوں کے ہلاک اور زخمی ہونے کے علاوہ پنامہ کے بہت سے غیر فوجی افراد کو بھی نقصانات پہونچے ۔اس حملے میں بارہ ہزار سے زیادہ افراد آوارہ وطن ہوئے اور لوگوں کی اکثریت کو بھوک اور قحط کا سامنا کرنا پڑا۔
3 جنوری سنہ 1875 عیسوی کو فرانس کے معروف ادیب اور ماہر لسانیات پیئرلاروس کا انتقال ہوا ۔وہ سنہ 1817 میں پیدا ہوئے ۔پندرہ سال کی عمر تک علم حاصل کرنے کے ساتھ ہی اپنے والد کے کارخانے میں کام کرتے رہے ۔لاروس اسی دور سے ایک لغت تیار کرنے میں مصروف ہوئے اور برسوں کے مطالعے اور کاوشوں کے بعد گرینڈ لاروس ڈکشنری تیار کرنے میں کامیاب ہوئے ۔
قابل ذکر ہے کہ پیئر لاروس ان شخصیتوں میں شمار ہوتے ہیں جنہوں نے فرانس کے اسکول اور کالجوں میں طریقہ تعلیم کو تبدیل کیا اور نصاب کی کتابیں تلخیص کے ساتھ سادہ زبان میں تیار کیں ۔
3 جنوری سنہ 1836 ع کو منشی نول کشور ضلع علی گڑھ میں پیدا ہوئے ۔ان کی کوششوں سے اردو زبان نے حیرت انگیز تیزی سے ارتقائی منزلیں طے کیں ۔اردو زبان و ادب کی تاریخ میں منشی نول کشور اور ان کے پریس کا تذکرہ ہمیشہ سنہری حروف میں کیا جائے گا ۔
سنہ 1857 کی جنگ آزادی کے فورا" بعد 1858 ع میں منشی جی لکھنؤ چلے گئے اور وہاں محلہ رکاب گنج میں نول کشور پریس قائم کیا ۔پریس کے قیام کے ساتھ ہی انہوں نے ایک اردو اخبار جاری کرنے کا بھی انتظام کیا اور 26 نومبر 1858 ع کو شمالی ہندوستان کا سب سے پہلا اردو اخبار اودھ کے نام سے انہی کی ادارت میں شائع ہوا ۔
1877 ع میں ملکۂ وکٹوریہ کے دربار کے موقع پر حکومت برطانیہ نے انہیں قیصر ہند کے اعزاز سے نوازا اس کے بعد انہیں سی آئی ای کا خطاب بھی دیا گیا ۔19 فروری 1895 ع کو 59 برس کی عمر میں منشی نول کشور انتقال کرگئے ۔