2 جنوری

2 جنوری سنہ 1959  ع کو روس نے اپنا پہلا خلائی جہاز چاند کی جانب روانہ کیا ۔اس خلائی جہاز کا نام لونا اول تھا ۔اس سے پہلے روس نے خلائی جہاز اسپتنک اول ، دوم اور سوم خلا میں بھیجے تھے جن کی کامیاب پروازوں کے بعد لونا اول چاند کی جانب روانہ کیا گیا ۔اس کی بہت بڑی کامیابی یہ تھی کہ یہ چاند سے چار ہزار چھ سو ساٹھ میل کے فاصلے سے گزرا ۔اس خلائی جہاز کی کامیاب پرواز کے بعد روس نے لونا سلسلے کے خلائی جہازوں کا سلسلہ جاری رکھا جو بالآخر 21 جولائی سنہ 1969 ع کو انسان کے چاند پر قدم رکھنے پر منتج ہوا ۔

 

 


 

2 جنوری سنہ 1925 کو کنگو کی آزادی کے بانی پیٹرک لومومبا پیدا ہوئے ۔افریقہ کی تحریک آزادی کو آگے بڑھاتے ہوئے لومومبا نے کنگو کو آزادی دلائي ۔سنہ 1960 ع میں کنگو میں جمہوری حکومت قائم ہونے کے بعد لومومبا کو وزارت عظمیٰ اور وزارت دفاع کا عہدہ سونپ دیا گیا ۔لیکن آزادی کے کچھ عرصے بعد ہی فوج نے غیر ملکی اشاروں پر بغاوت کردی اور صوبۂ کیٹانگا کی علیحدگی کا اعلان کردیا ۔اس بغاوت کے بعد کنگو کے صدر نے لومومبا کو برطرف کردیا اور کچھ سیاسی تبدیلیوں کے بعد فوج نے لومومبا کو ان کے گھر میں نظر بند کردیا۔بالآخر سن 1961 ع میں لومومبا کی موت کی خبر پھیل گئی جس کے بعد کنگو اور بر اعظم افریقہ کے دوسرے ممالک کے عوام نے احتجاجی مظاہرے کئے ۔واضح رہے کہ لومومبا نے کئی کتابیں بھی لکھی ہیں جن میں کنگو میرا وطن سب سے زیادہ معروف ہے ۔

 

 


 

2 جنوری سنہ 1869 کو اردو کے معروف شاعر ثاقب لکھنوی آگرے میں پیدا ہوئے ۔ان کا پورا نام میرزا ذاکر حسین ثاقب لکھنوی تھا ۔ان کی عمر کا بیشتر حصہ چونکہ لکھنؤ میں بسر ہوا اس لئے لکھنوی کہلانے لگے ۔ثاقب لکھنوی زبان و بیان میں میر کے اور تخیّل آفرینی میں غالب کے پیرو تھے ۔ان کی غزل میں محض واردات حسن و عشق کے بجائے زندگی اور اس کے متعلقات پر ایک فلسفیانہ جھلک نظر آتی ہے ۔ زور بیان اور بلند پروازي ان کی شاعری کے بنیادی اجزا ہیں جس کے باعث انہیں لکھنؤ اسکول کا ایک صاحب فکر شاعر تسلیم کیا جاتا ہے ۔ان کے بعض اشعار تو اردو شاعری میں ضرب المثل کی حیثیت رکھتے ہیں ۔

 

 


 

2 جنوری سنہ 1920 ع کو روسی ادیب اور کیمیاداں ایزاک آسیموف پیدا ہوئے ۔ان کو کیمسٹری میں بہت زیادہ دلچسپی تھی اور اسی میں انہوں نے ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی ۔ایزاک آسیموف نے کیمسٹری اور بعض دیگر علوم پر بہت زیادہ تحقیق کی لیکن جس چیز نے ان کو دیگر سائنس دانوں سے ممتاز کیا وہ لوگوں خاص طور سے نوجوانوں کو سادہ زبان میں علمی مسائل کی تشریح اور سائنس سے متعارف کرانا تھا ۔اس روسی مصنف نے تقریبا" 27 کتابیں تحریر کی ہیں ۔

ایزاک آسیموف کا سنہ 1992 ع میں انتقال ہوا ۔

 

 


 

2 جنوری سنہ 1843 کو ڈاک کا موجودہ نظام رائج ہوا اور آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں خط ڈالنے کے لئے پہلا لیٹربکس قائم کیاگیا ۔واضح رہے کہ ڈاک کا محکمہ وجود میں آنے سے قبل گھوڑوں ، اونٹوں یا مخصوص کشتیوں کے ذریعے خطوط روانہ کئے جاتے تھے لیکن بعد میں دوسری قوموں نے اس کے مختلف طریقے بنالئے یہاں تک کہ ڈاک کانظام وجود میں آگیا اور تدریجا" اس نے موجودہ شکل اختیار کرلی ۔