یکم فروری
یکم فروری سنہ 1753 عیسوی کو فرانسیسی سیاستدان ، ریاضیدان جنرل لازارکارنو پیدا ہوئے ۔وہ جہاں جدید علم ریاضي کے بانی تھے وہیں ایک انجینئر اور عسکری امور کے ماہر بھی تھے ۔فرانسیسی انقلابیوں کی کامیابی میں اہم کردار ادا کرنے والے رہنماؤں میں بھی ان کا شمار ہوتا ہے ۔انقلاب فرانس کی کامیابی کے بعد وہ اہم عہدوں پر فائز ہوئے ، جن میں سے ایک فرانس کی وزارت دفاع کا عہدہ تھا ۔ان کے مشہور تحریری آثار میں مابعدالطبیعات سے متعلق نظریات کا نام لیا جا سکتا ہے ۔کارنو کا سنہ 1823 میں انتقال ہوا ۔
یکم فروری سنہ 1951 کو پاکستان سکیورٹی پرنٹنگ پریس میں پہلا کرنسی نوٹ طبع ہوا ۔قیام پاکستان کے بعد حکومت پاکستان نے ریزروبینک آف انڈیا کے جاری کردہ سکے اور کرنسی نوٹوں کو جن پر جارج ششم کی تصویر چھپی ہوئی تھی ، پاکستان کے کرنسی نوٹوں کے طور پر قبول کرنے کا فیصلہ کیا اور پھر یکم اپریل سنہ 1948 کو انہی نوٹوں پر " حکومت پاکستان " کے الفاظ چھاپ کر انہیں پاکستانی کرنسی نوٹوں کی قانونی حیثیت دے دی گئی ۔پھر حکومت پاکستان نے ایک مشہور برطانوی کمپنی کے زير اہتمام حکومت پاکستان کے الفاظ والے کرنسی نوٹ طبع کروائے جن کی مالیت ایک ، دو ، پانچ ، دس اور سو روپیہ تھی ۔یہ نوٹ یکم اکتوبر سنہ 1948 اور یکم مارچ سنہ 1949 کو جاری کئے گئے ۔
یکم فروری سنہ 1892 کو ویسٹ اورنج ، نیو جرسی کے مقام پر دنیا کے پہلے فلم اسٹوڈیو کا قیام عمل میں آیا جسے فلم کی تاریخ black maria کے نام سے یاد کیا جاتا ہے اس فلم اسٹوڈیو کے بانی ایڈیسن تھے ۔یہ فلم اسٹوڈیو ایک متحرک پلیٹ فارم پر تعمیر کیا گيا تھا جسے حسب ضرورت سورج کی روشنی کی جانب گھمایا جا سکتا تھا ۔
یکم فروری سنہ 1814 کو دریائے اوب کے قریب رویتر کے مقام پر پروس آسٹریا اور سویڈن کی اتحادی افواج اور فرانس کی فوج کے درمیان خونریز جنگ ہوئی ۔یہ جنگ رویتر جنگ کے نام سے مشہور ہے ۔اس جنگ میں اتحادی فوجیوں کی تعداد ایک لاکھ ساٹھ ہزار جبکہ نپولین بوناپارٹ کی کمان میں فرانس کے فوجیوں کی تعداد صرف بیالیس ہزار تھی ۔اس جنگ میں فرانسیسی فوجیوں کے حوصلے پست تھے اور وہ تعداد میں اپنے سے کئی گنا زيادہ اور تازہ دم اتحادی فوجیوں کا مقابلہ نہ کرسکے جس کی بنا پر انہیں شکست ہوئی ۔