9 اپریل
9 اپریل سنہ 1948 ع کو صیہونیوں نے مغربی بیت المقدس میں واقع دیریاسین نامی گاؤں میں قتل عام کیا ۔
دیر یاسین گاؤں کی اہمیت صیہونیوں کی نظر میں اس لئے تھی کہ وہ بیت المقدس شاہراہ پر سمندر کے کنارے واقع ہے ۔صیہونی دہشت گردوں نے دیریاسین پر قبضہ کرنے کے بعد دو سو ستر سے زیادہ بے گناہ فلسطینیوں کو بے دردی کے ساتھ قتل کردیا ۔اس قتل عام کی وجہ سے بہت سے فلسطینی خوف زدہ ہوکر اپنی سرزمین چھوڑ کر چلے گئے ۔
9 اپریل سنہ 1626 ع کو برطانوی فلسفی فرانسیس بیکن نے 65 برس کی عمر میں وفات پائی ۔ان کی زندگی کو دو حصّوں میں تقسیم کیا جا سکتا ہے ۔پہلے حصّے میں وہ برطانوی پارلیمنٹ کے رکن بنے اور اس سلسلے میں انہوں نے ترقی کی منزلیں طے کیں ۔سنہ 1621 ع میں ان پر رشوت کا الزام لگا ۔ان کو بھاری جرمانہ ادا کرنا پڑا اور وہ پارلیمنٹ کی رکنیت کے لئے نااہل قرار دئے گئے ۔اس کے بعد ان کی زندگي کا دوسرا دور شروع ہوا ۔اس دور میں وہ گوشہ نشین ہوگئے اور تالیف و تصنیف کا سلسلہ شروع کردیا اور متعدد کتابیں لکھ کر ایک بہترین مصنف کےطور پر ابھرے ۔
9 اپریل سنہ 1833 ع کو سویڈن کے عظیم کیمیادان ، ڈائنامائٹ کے موجد اور نوبل انعام کے بانی الفریڈ نوبل اسٹاک ہوم کے نواح میں پیدا ہوئے ۔وہ جوانی میں ہی آتش گیر مادے کے سلسلے میں تحقیق میں دلچسپی اور استعداد کی بناء پر یونیورسٹی کی تعلیم حاصل کئے بغیر ہی ممتاز کیمیا دان بن گئے ، اور ڈائنامائٹ ایجاد کرکے شہرت کی بلندیوں پر پہنچ گئے ۔
بعد میں اس آتش گیر مادے کو زیادہ تر جنگوں میں استعمال کیا گیا ۔اس سے وہ انتہائي ناخوش ہوئے ۔انہوں نے نوبل انعام کی بھی بنیاد رکھی جو ہر سال فزکس ، کیمسٹری ، طب ، ادب اور امن کے شعبوں میں دانشوروں کو دیا جاتا ہے ۔
اس عظیم کیمیادان نے سنہ 1896 ع میں وفات پائي ۔