6 اپریل

6 اپریل سنہ 1994 کو روانڈا میں دو بڑے قبیلوں ہوٹو اور ٹوٹسی کے درمیان خونریز جنگ کا آغاز ہوا ۔ہوٹو کے انتہاپسندوں نے تین مہینوں کے دوران ٹوٹسی قبیلے کے 8 لاکھ سے زیادہ افراد کو ہلاک کردیا اور اس قبیلے کے بیس لاکھ سے زیادہ افراد نقل مکانی پر مجبور ہوگئے ۔اس خونریز جنگ میں ٹوٹسی قبیلے نے ہوٹو قبیلے پر فتح پائی اور روانڈا میں حکومت اپنے ہاتھ میں لے لی ۔

 

 


 

6 اپریل سنہ 1580 ع کو پرتگال کو جو سولہویں صدی عیسوی میں یورپ کا ایک طاقتورترین ملک تھا اسپین کا حصّہ قرار دیا گیا ۔پرتگال ،ایشیاء ، افریقہ اور امریکہ میں اسپین کا سیاسی حریف تھا ۔لیکن اقتصادی بدحالی کی بناء پر وسیع پیمانے پر اپنے باشندوں کی ہجرت کی وجہ سے سیاسی لحاظ سے کمزور ہوگیا اور اسی بنا پر اسپین نے اس پر قبضہ کرلیا ۔

پرتگال کے قبضے کے بعد اسپین کے بادشاہ فلیپ دوم کے حکم سے اس کی نوآبادیاں بھی اسپین کے قبضے میں چلی گئیں ۔

 

 


 

6 اپریل 1764 کو اردو کے نامور شاعر سراج اورنگ آبادی نے وفات پائي ۔وہ 1715 ع میں دکن میں پیدا ہوئے تھے ۔سراج ولی دکنی کے ہم عصر تھے اور دور اوّل کے اردو اساتذۂ سخن میں ولی کے بعد انہی کا نام آتا ہے ۔

بارہ برس کی عمر میں فقیری و درویشی اختیار کی اور سات سال تک برہنہ حالت میں رہے ۔جذب و درویشی کا مزاج ان کی شاعری میں بھی نظر آتا ہے ۔

کہتے ہیں ولی دکنی سے میر اور سودا تک کے عرصے میں سراج کے پائے کا کوئی بڑا شاعر نہیں گزرا ہے ۔

سراج غزل کے علاوہ مثنوی بھی کہتے تھے ۔ان کی مثنوی بوستان خیال کلاسیکل اردو شاعری کاانمول نمونہ ہے ۔سراج کااردو دیوان شائع ہوچکا ہے ۔سراج فارسی میں بھی شعر کہتے تھے ، فارسی میں " انتخاب دیوانہا " ان کے اعلیٰ ذوق کا مظہر ہے ۔

 

 


 

6 اپریل 1896 ع کو دور جدید کے پہلے اولمپکس کھیلوں کے مقابلے ہوئے ۔

ان مقابلوں میں 13 ممالک کے 311 کھلاڑیوں نے حصہ لیا ، جن میں کوئي خاتون کھلاڑی شامل نہیں تھی ۔یہ مقابلے یونان کے دارالحکومت ایتھنز میں منعقد ہوئے اور ان میں نوکھیلوں کے کھلاڑیوں کا آپس میں مقابلہ ہوا ۔18 تمغوں کے ساتھ امریکہ پہلے جدید اولمپک کھیلوں میں سرفہرست رہا ۔اولمپیک کھیلوں کا آغاز 776 قبل مسیح میں یونان کے قدیم شہر اولمپیا سے ہوا تھا اور کئی صدیوں تک اولمپکس ہوتے رہے ۔لیکن 393 ع میں روم کے شہنشاہ تھیوڈوسس نے ان مقابلوں کو ختم کیا ۔انیسویں صدی میں جب قدیم شہر اولمپیا کے کھنڈرات دریافت ہوئے تو فرانس کے ایک باشندے پیری پیرون دی کوبرٹن نے اولمپک کھیلوں کے احیا کی تجویز پیش کی چنانچہ ان کی اس تجویز پر انیسویں صدی کے اواخر میں جدید اولمپکس کا آغاز ہوا ۔اولمپک کھیلوں کے مقابلے ہر چار سال بعد منعقد ہوتے ہیں ، جو دنیا کا سب سے بڑا کھیلوں کا میلہ ہے ، اور اس میں متعدد ممالک کے ہزاروں کھلاڑی حصہ لیتے ہیں ۔

 


 

 

6 اپریل سنہ 1985 ع کو ایک فوجی بغاوت کے نتیجے میں سوڈان کے صدر جعفر نمیری ( numeri ) کی حکومت کا تختہ الٹ دیا گیا اور اقتدار جنرل سوار الذہب کے ہاتھ میں آگیا ۔قابل ذکر ہے کہ نمیری بھی سنہ 1969 میں ایک فوجی بغاوت کے نتیجے میں بر سر اقتدار آئے تھے اور سولہ برسوں تک اپنی ظالمانہ حکومت کے دوران امریکہ کے ساتھ گہرے تعلقات ہموار کئے ۔ان کے دور حکومت میں پندرہ بغاوتیں ہوئیں اور یہ آخری فوجی بغاوت کامیاب ہوگئی ۔