5 اپریل

5 اپریل سنہ 1794 کو انقلاب فرانس کے ایک راہنما جارج ژاک ڈانٹن کو پھانسی دے دی گئی ۔وہ اگست سنہ 1759 میں پیدا ہوئے ۔انہوں نے قانون میں اعلیٰ تعلیم حاصل کی اور پھر لوئی شانزدہم کے زمانے میں پارلیمنٹ کے رکن منتخب ہوئے ۔اس کے بعد وہ انقلاب فرانس کے راہنماؤں میں شامل ہوگئے ۔وہ بہت شعلہ بیان خطیب تھے ۔ ان کا کہنا تھا کہ فرانس میں خلفشار اور انسانی جانوں کے ضائع ہونے کی روک تھام کے ساتھ بادشاہت کا خاتمہ ضروری ہے ۔انقلاب فرانس کے ایک اور راہنما اور اس کے حریف رابسپیر کی سازش سے انہیں گرفتار کرلیا گیا اور پانچ اپریل سنہ 1794 کو انہیں تختۂ دار پر لٹکادیاگیا ۔

 


 

 

ہالینڈ میں 5 اپریل سنہ 1585 کو ہارلم ( harlem ) کا وحشیانہ قتل عام رونما ہوا ۔یہ المناک واقعہ اسپین کے ظالم بادشاہ فلیپ دوم کے حکم سے عمل میں آیا تھا ۔اسپین نے ہالینڈ پر اپنا قبضہ جاری رکھنے کے لئے اس سرزمین میں بہت زیادہ خون خرابہ کرایا ۔سب سے بڑا اور وحشتناک قتل عام ، ہارلم کا قتل عام ہے جس کے دوران 6 ہزار حریت پسندوں کو تہہ تیغ کیا گيا ۔واضح رہے 1609 ع میں ہالینڈ کو اسپین کے ظلم سے آزادی ملی ہے ۔

 

 


 

5 اپریل سنہ 1588 کو معروف برطانوی فلسفی تھامس ہابز ( hobbes ) پیدا ہوئے ۔وہ آکسفورڈ یونیورسٹی کے تعلیم یافتہ تھے اور ان کا ادب کا مطالعہ بہت گہرا تھا ۔ہابز کا خیال تھا کہ انسان ایک خود غرض اور جاہ طلب مخلوق ہے اور انسان ہمیشہ دوسروں پرتسلط کا خواہاں رہا ہے ۔اسی وجہ سے وہ کہتے تھے کہ معاشرے پر ایسے افراد کی حکومت ہونی چاہئے جو کمزوروں کے لئے امن اور آسائش فراہم کرسکتے ہوں ۔ہابز کی اہم ترین کتاب لیویاتھان ( leviathan ) ہے ۔ان کی دیگر کتابوں میں علم سیاست اور  " فلسفۂ حکومت " کا نام لیا جا سکتا ہے ۔تھامس ہابز نے سنہ 1679 میں وفات پائي ۔

 

 


 

5 اپریل سنہ 1654 کو سترہویں صدی عیسوی کے دو طاقتور یورپی ملکوں یعنی برطانیہ اور ہالینڈ کے درمیان دوسالہ جنگ اپنے اختتام کو پہنچی ۔یہ جنگ مارچ سنہ 1652 میں شروع ہوئی اور برطانوی بحریہ کی کامیابی کے ساتھ ختم ہوئی ۔

 


 

5 اپریل سنہ 1827 کو مشہور برطانوی سرجن اور سرجری انفکشن رفع کرنے کے بانی جوزف لسٹر پیدا ہوئے ۔جوزف لسٹر نے ڈاکٹری کی تعلیم سنہ 1852 میں مکمل کی اور گلاسگو یونیورسٹی میں سرجری کے پروفیسر مقرر ہوئے ۔کچھ عرصے تک ایڈنبرا اور لندن کے میڈیکل کالجوں میں بھی پروفیسر رہے ۔تحقیقات کے بعد وہ جراحی کے بعد ہونے والی اموات کی شرح کو دوتہائی کم کرنے میں کامیاب ہوئے ۔اس طرح انہوں نے سرجری انفکشن رفع کرنے کی بنیاد رکھی ۔ جس کو بڑی مقبولیت حاصل ہوئی ۔سنہ 1897 میں انہیں لارڈ کا خطاب دیا گيا ۔10 فروری سنہ 1912 کو جوزف لسٹر کا انتقال ہوا ۔

 

 


 

5 اپریل 1956 ع کو مقبوضہ فلسطین کے مغرب میں واقع غزہ شہر پر صیہونی فوج کا سفاکانہ حملہ ختم ہوا ۔

صیہونیوں نے 4 اپریل کو بے دردی کے ساتھ بچوں ، بوڑھوں اور عورتوں سمیت غزہ کے بہت سے باشندوں کو گولیوں سے بھوننا شروع کردیا ۔انہوں نے دو دن کے اندر 56 بے گناہوں کو قتل اور 30 کو زخمی کیا ۔لیکن افسوس فلسطینیوں کے اس قتل عام پر بھی اسی طرح کے دیگر افسوسناک واقعات کے باوجود مغربی ممالک اور انسانی حقوق کے دعویدار اداروں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگی ۔