4 اپریل
4 اپریل سنہ 1960 کو افریقی ملک سینی گال نے آزادی حاصل کی ۔پندرہویں صدی سے اس ملک پر پرتگالی سامراج کا تسلط تھا ۔سترہویں صدی سے فرانسیسیوں نے بھی اس کے ذخائر کی لوٹ مار شروع کردی ۔دوسری جنگ عظیم کے دوران فرانس کے کمزور ہونے کی وجہ سے فرانس کی دیگر نوآبادیات کی طرح سینی گال کی آزادی اور خود مختاری کا راستہ ہموار ہوا آخر کار سنہ 1960 کو سینی گال کو مکمل آزادی حاصل ہوگئی ۔سینی گال کی 94 فیصد آبادی مسلمانوں پر مشتمل ہے ۔
4 اپریل سنہ 1908 کو امریکہ کے مشہور سیاہ فام مصنف رچرڈ رائٹ می سی سیپی میں پیدا ہوئے ۔وہ بچپن ہی میں ماں باپ کی شفقت سے محروم ہوگئے تھے ۔ان کی زندگي بڑی مشکلات میں گزری انہوں نے تیس سال کی عمر میں لکھنا شروع کیا ۔ان کی اہم کتابوں میں " سیاہ بچہ " اور " بھگایا ہوا " خاص طور پر قابل ذکر ہیں ۔
رچرڈ رائٹ نے اپنی کہانیوں میں امریکہ کے سیاہ فام باشندوں کے پست معیار زندگي پر کئی پہلوؤں سے روشنی ڈالی ہے ۔
4 اپریل سنہ 1968 کو امریکی سیاہ فام اصلاح طلب مارٹن لوتھرکنگ کو ایک سفید فام نے قتل کردیا ۔
سنہ 1963 میں لوتھرکنگ کی قیادت میں انقلابی تحریک کا آغاز ہوا اور امریکی سیاہ فاموں نے نسلی امتیاز ختم کرنے اور اپنے شہری حقوق حاصل کرنے کے لئے عظیم مظاہرہ کیا ۔مارٹن لوتھرکنگ کو پرامن جد وجہد کی بنا پر عالمی شہرت حاصل تھی اور ان کو سنہ 1964 میں امن کا نوبل انعام دیا گیا ۔
4 اپریل سنہ 1979 کو پاکستان کے سابق وزير اعظم ذوالفقار علی بھٹو کو پھانسی دی گئی ۔ذوالفقار علی بھٹو نے پیپلز پارٹی قائم کی ۔سنہ 1971 میں سقوط ڈھاکہ کے بعد وہ پاکستان کے صدر بنے اور سنہ 1973 کا آئین منظور ہونے کے بعد انہوں نے وزير اعظم کا عہدہ سنبھالا ۔سنہ 1977 میں جنرل محمد ضیاء الحق نے ان کی حکومت کا تختہ الٹ دیا اور ان پر قتل اور ملک سے غداری کا الزام لگاتے ہوئے 4 اپریل سنہ 1979 کو تختۂ دار پر لٹکادیا ۔