3 اپریل

3 اپریل 2002 ع کو صیہونی فوج نے غرب اردن میں واقع فلسطینی شہر جنین پر یلغار کا آغاز کیا ۔یہ یلغار فلسطینی آبادیوں پر صیہونی فوج کے حملوں کی ایک کڑی تھی ، جس کو اسرائیل نے فلسطینیوں کی انتفاضہ تحریک کو کچلنے کے لئے اس سے کئی ہفتے پہلے شروع کیا تھا ۔15 ہزار آبادی والے شہر جنین پر حملے میں 10 ہزار فوجیوں کی مدد تقریبا" 200 ٹینک اور دسیوں ہیلی کاپٹروں نے کی ۔

اسرائيلی فوج نے زمین اور فضا سے جنین کیمپ پر یلغار کی صیہونی ظالموں نے شہر کی بجلی اور پانی کی ترسیل روک دی تھی اور ہر قسم کی امداد رسانی کی سرگرمیوں پر بھی پابندی لگائي تھی ،اس کے باوجود شہر کے باشندوں اور فلسطینی مجاہدین نے 9 دن تک اسرائیلی فوج کا مقابلہ کیا ۔صیہونی فورسز نے جنین میں لوگوں کے قتل عام کے علاوہ گھروں کو مسمار کیا ، تجارتی اور اقتصادی مراکز کو تباہ کیا حتی کہ ہسپتالوں کو بھی منہدم کیا ۔صیہونی فوج کے حملے کے خاتمے پر جنین کے 70 فی صد علاقے تباہ و برباد ہوگئے ، سینکڑوں فلسطینی شہید اور زخمی ہوئے اور شہر کے 5000 ( پانچ ہزار ) باشندے بے گھر ہوگئے ۔

 

 


 

3 اپریل سنہ 1888 ع کو ولیم دوم نے مشہور جرمن سیاستدان اور مدبر بسمارک کو اس کے عہدے سے ہٹادیا ۔بسمارک سنہ 1815 کو پروشیا میں پیدا ہوا ۔سنہ 1847 ع میں وہ اپنی ریاست یعنی پروشیا کی اسمبلی کا رکن منتخب ہوا ۔اسمبلی میں اس کی تقاریر بہت جلد حکمرانوں کی توجہ کا مرکز بن گئیں اور اسے روس اور فرانس میں جرمنی کا سفیر بھی بنا کر بھیجا گيا ۔سنہ 1871 سے سنہ 1888 تک بسمارک نئي جرمن سلطنت کا چانسلر رہا ۔اس دوران اس نے یورپ میں امن و امان اور صلح و سلامتی قائم رکھنے کی بہت کوشش کی ۔اس کے زمانے میں جمہوریت خوب پروان چڑھی اور صنعتی میدان میں بھی ترقی ہوئی ۔

سنہ 1888 میں قیصر ولیم دوم بر سر اقتدار آیا تو اس نے بسمارک کو اس کے عہدے سے ہٹادیا ۔30 جولائی سنہ 1898 کو بسمارک کا انتقال ہوا ۔

 

 


 

3 اپریل سنہ 1897 ع کو جرمن موسیقار یوہان برامس کا انتقال ہوا ۔وہ سنہ 1833 میں پیدا ہوا ۔اس نے موسیقی سیکھنے کا آغاز اپنے والد سے کیا ۔پھر ہنگری کے معروف موسیقار رومینی کی بھی کچھ عرصے تک شاگردی اختیار کی ۔اس نے موسیقی کی دنیا میں متعدد یادگار آثار چھوڑے ہیں ۔

 


 

 

3 اپریل سنہ 1946 کو عالمی عدالت انصاف کا پہلا اجلاس منعقد ہوا ۔اقوام متحدہ کے رکن ممالک کے درمیان پیدا ہونے والے تنازعات حل کرنے کا سب سے بڑا ادارہ عالمی عدالت انصاف ہے ۔اس عدالت کے دائرۂ اختیار میں وہ تمام امور شامل ہیں جن کا تذکرہ اقوام متحدہ کے منشور میں کیا گيا ہے ۔

عالمی عدالت انصاف پندرہ ججوں پر مشتمل ہوتی ہے جن کا انتخاب ان کی ذاتی قابلیت کی بنیاد پر کیا جاتا ہے ۔ایک ملک سے ایک وقت میں صرف ایک جج منتخب کیا جاتا ہے ۔ان ججوں کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اور سلامتی کونسل الگ الگ رائے شماری کے ذریعے منتخب کرتی ہے ۔اس عدالت کا صدر دفتر ہالینڈ کے شہر ہیگ میں ہے ۔

 

 


 

3 اپریل سنہ 1947 کو سندھ یونیورسٹی قائم ہوئی لیکن اس یونیورسٹی نے اپنے کام کا باقاعدہ آغاز قیام پاکستان کے بعد کیا اور ابوبکر احمد حلیم اس کے پہلے وائس چانسلر مقرر ہوئے ۔سنہ 1962 میں پاکستان کے سابق صدر فیلڈمارشل محمد ایوب خان نے سندھ کے نئے کیمپس کا سنگ بنیاد رکھا جو حیدر آباد سے چند میل کے فاصلے پر جام شورو میں تعمیر کیا گيا تھا ۔اس وقت سندھ یونیورسٹی پاکستان کی ایک اہم یونیورسٹی شمار ہوتی ہے ۔اس کا ایک کیمپس خیر پور میں بھی تعمیر کیا جا چکا ہے ۔