29 اپریل

29 اپریل 1945 کو دوسری عالمی جنگ کے آخری دنوں میں اتحادی فوجوں کو ایک اور بڑی کامیابی ملی ۔اٹلی میں جرمنی کی دفاعی لائن ٹوٹنے سے اتحادی فوجوں نے اٹلی پر بھر پور حملہ کرکے اس پر قبضہ کرلیا۔اٹلی مسولینی کی قیادت میں جرمنی کا اتحادی تھا ۔اٹلی میں اتحادیوں کی کامیابی کے بعد تقریبا" دس لاکھ جرمن فوجیوں نے خود کو اتحادیوں کے حوالے کردیا ۔اس شکست نے ہٹلر کو جنگ میں کامیابی کے بارے میں مکمل طور پر ناامید کردیا۔

 


 

29 اپریل 1747 کو فرانس کے نوے ہزار فوجیوں نے ہالینڈ پر حملہ کردیا ۔ان فوجیوں نے تیزرفتاری سے دریائے اسکو اور رکاوٹوں کو عبور کرتے ہوئے ہالینڈ پر حملہ کردیا ۔اس جنگ میں برطانیہ اور آسٹریا نے ہالینڈ کا ساتھ دیا لیکن اس کے باوجود فرانس کو فتح حاصل ہوئی ۔جس کی وجہ سے ہالینڈ کمزور ہوتا چلا گیا اور یورپ میں بہت سے علاقے اس کے قبضے سے نکل گئے ۔

 


 

29 اپریل 1682 کو پیٹردی گریٹ روس میں تخت سلطنت پر بیٹھے لیکن ان کی بہن نے اقتدار پر قبضہ کرلیا اور انہیں ماسکو کے قریب ایک گاؤں جلا وطن کردیا۔کچھ عرصے کے بعد پیٹر دی گریٹ نے ایک بڑا لشکر تیار کیا اور اپنی بہن سے جنگ کرنے کے لئے نکل کھڑے ہوئے اس جنگ میں انہیں کامیابی حاصل ہوئی اور وہ ایک بار پھر تخت نشیں ہوئے ۔اس کے بعد انہوں نے ملک کے داخلی امور کو بہتر بنانے پر بھر پور توجہ دی اور روس کے ثقافتی اقتصادی اور سماجی امور میں انقلاب بر پا کردیا ۔پیٹردی گریٹ نے مزید کئی علاقوں پر قبضہ کرکے انہیں اپنی سلطنت میں شامل کرلیا ۔پیٹر دی گریٹ کا 1725 میں انتقال ہوا۔


 

29 اپریل سنہ 1236 ع کو ہندوستان کے بادشاہ التمش کا دہلی میں انتقال ہوا ۔ان کا پورا نام ابوالمظفر شمس الدین التمش تھا ۔وہ خاندان غلاماں کے بانی قطب الدین ایبک کے داماد اور ان کے جانشیں تھے ۔وہ ترکستان میں قبیلہ البری کے رئیس اہل خان کے بیٹے تھے ۔بچپن میں ان کے چچازاد بھائیوں نے حسد کی بنا پر انہیں غلام بنا کر فروخت کردیا ۔ان کی تربیت بخارا میں صدر جہاں کے خاندان میں ہوئی ۔

وہیں سے ایک شخص جمال الدین نے انہیں قطب الدین ایبک کے ہاتھ فروخت کردیا۔قطب الدین ایبک نے انہیں پہلے اپنی فوج کا امیر پھر امیر شکار بنادیا اوراپنی بیٹی کی شادی ان سے کردی اور انہیں گوالیار پھر بدایوں کا گورنر بنادیا۔

1210 میں ایبک کی وفات کے بعد ان کا بیٹا آرام شاہ تخت نشیں ہوا لیکن وہ ناکام حکمراں ثابت ہوا اور ملک کے کئی حصوں میں بدامنی اور بغاوت کے آثار پیدا ہوگئے چنانچہ  اس صورتحال میں التمش نے کاروبار حکومت سنبھال لیا اور ہندوستان کے بادشاہ بن گئے ۔وہ اپنی تعمیرات کی وجہ سے بھی مشہور ہیں ان کی تعمیر کردہ عمارات میں قطب مینار خصوصا" قابل ذکر ہے ۔