23 اپریل
23 اپریل 1564 کو برطانیہ کے مشہور ڈرامہ نگار اور شاعر ولیم شیکسپیئر پیدا ہوئے ۔دنیا میں بہت کم ایسے افراد گزرے ہیں کہ جن کی جس تاریخ کو پیدائش ہو اسی تاریخ کو ان کی وفات بھی ہوئی ہو ۔شیکسپیئر کا شمار بھی ایسے ہی افراد میں ہوتا ہے 23 اپریل 1616 کو ان کا انتقال ہوا ۔شیکسپیئر نے اپنے ڈراموں کے لئے زیادہ تر پرانے قصوں اور تاریخی واقعات کو بنیاد بنایا ۔وہ ایک قادر الکلام شاعر بھی تھے ان کے اہم ڈراموں میں مرچنٹ آف وینس رومیو اینڈ جولیٹ اور ہیملت خاص طور سے قابل ذکر ہیں۔
23 اپریل 1775 کو انگریز مصور اور مجسمہ ساز ولیم ٹرنر لندن کے ایک غریب گھرانے میں پیدا ہوئے ۔انہیں بچپن سے ہی مصوری سے لگاؤ تھا انہوں نے اپنی خداداد صلاحیتوں کوبروئے کار لاتے ہوئے اس شعبے میں اپنے کام کو محنت اور لگن سے جاری رکھا اور جوانی میں ہی ایک مشہور مصور کے طور پر پہچانے جانے لگے ۔ولیم ٹرنر کا 1815 میں انتقال ہوا ۔
23 اپریل 1858 کو مشہور فزکس داں اور ریاضی داں میکس پلانگ جرمنی میں پیدا ہوئے ۔انہوں نے فزکس میں کوانٹم نظریہ پیش کیا۔انہیں یہ نظریہ پیش کرنے پر 1918 میں فزکس کا نوبل انعام دیا گیا ۔وہ جرمنی کے توسیع پسند ڈکٹیٹر ہٹلر کے سخت مخالف تھے ۔انہوں نے فزکس کے شعبے میں بہت ہی اہم تحقیقات انجام دیں ۔میکس پلانگ کا 1947 میں انتقال ہوا ۔
23 اپریل سنہ 1992 ع کو ہندوستان کے فلم ساز ستیہ جیت رائے (satyajitray ) نے وفات پائي ۔
انہوں نے اپنی فلموں میں ہمیشہ سماجی حقائق کو پیش کرنے کی کوشش کی ۔ اس لئے انہوں نے لوگوں کی روزمرہ زندگی کو اپنی فلموں کا موضوع بنایا ۔وہ فلم کا اسکرپٹ بھی تحریر کرتے تھے ۔ان کا شمار ہندوستانی فلم انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے ان گنے چنے افراد میں ہوتا ہے جن کو عالمی شہرت حاصل ہوئی ہے ۔