20 اپریل
20 اپریل 1783 کو جنوبی امریکہ کے معروف سیاستدان اور انقلابی سائمن بولیور ونزویلا کے موجودہ دارالحکومت کاراکاس میں پیدا ہوئے ۔انہوں نے جنوبی امریکہ کے بہت سے علاقوں کو اسپین کے سامراجی تسلط سے آزاد کرایا ۔بولیور نے کاراکاس کے انقلاب میں بھر پور حصہ لیا اور عظیم کولمبیا کے قیام کے لئے قائم ہونے والی کانگریس کی جانب سے صدر جمہوریہ منتخب کئے گئے اور کولمبیا ونزویلا اور پاناما کو آزاد کراکے اس مقصد کو عملی جامہ پہنایا ۔بولیور جنوبی امریکہ کو ایک فیڈریشن کی شکل میں دیکھنا چاہتے تھے لیکن فرقہ پرستی کی بناپر وہ اپنے اس خواب کو پورا نہ کرسکے اور 1830 میں دنیا سے رخصت ہوگئے ۔
20 اپریل سنہ 1792 ع کو برطانوی مصور جوشوا رینولڈز نے وفات پائي ۔وہ سنہ 1723 ع میں پیدا ہوئے ۔انہوں نے تدریجا" مصوری کے سلسلے میں اپنی صلاحیتوں کا اظہار کیا۔انہوں نے اٹلی کا سفر اختیار کیا جہاں انہوں نے اطالوی مصوروں کے کام کو قریب سے دیکھا ۔اس کے بعد وہ برطانیہ واپس لوٹ گئے اور بڑی سنجیدگي اور مہارت کے ساتھ مصوری کا کام جاری رکھا۔ان کی پینٹنگز میں " حیرت زدہ بچّی " کوبہت شہرت حاصل ہے ۔رینولڈز عمر کے آخری ایام میں نابینا ہوگئے ۔
20 اپریل 1986 کو اردو کے معروف ترقی پسند دانشور صحافی اور ادیب سید سبط حسن نے وفات پائی ۔وہ 1916 میں ہندوستان کی ریاست اترپردیش کے شہر اعظم گڑھ میں پیدا ہوئے ۔انہوں نے اپنی تعلیم علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے مکمل کی اور اسی دوران سید سجاد ظہیر کی قیادت میں اردو کی ترقی پسند تحریک کا آغاز کیا اور دیکھتے ہی دیکھتے وہ اردو کی سب سے مقبول اور ہمہ گیر تحریک بن گئی انہوں نے کچھ عرصہ جواہر لال نہرو کے اخبار نیشنل ہیرالڈ اور پھر ہفت روزہ جنگ میں کام کیا ۔قیام پاکستان کے وقت سید سبط حسن امریکہ کی کولمبیا یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کررہےتھے وہاں سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لینے کی پاداش میں انہیں ملک بدر کردیا گيا۔جس کے بعد وہ لاہور چلے گئے ۔1965 میں وہ کراچی چلے گئے جہاں وہ اپنی وفات تک ایک بیمہ کمپنی کے شعبۂ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر رہے ۔ان کی کتابوں میں ماضي میں مزار پاکستان میں تہذیب کا ارتقاء انقلاب ایران اور نوید فکر خاص طور سے قابل ذکر ہیں ۔