18 اپریل

18 اپریل سنہ 1955 ع کو ایشیائی اور افریقی اقوام کے نمائندوں کی پہلی کانفرنس انڈونیشیا میں ہوئی ۔ یہ کانفرنس چونکہ انڈونیشیا کے شہر بانڈونگ میں ہوئی تھی اس لئے یہ بانڈونگ کانفرنس کے نام سے مشہور ہوگئی ۔اس کانفرنس میں ایشیاء اور افریقہ کے ان 29 سے زیادہ ممالک کے نمائندوں نے شرکت کی جو مشرق و مغرب کے دونوں بلاکوں کے مقابلے میں مشترکہ اتحاد بنانے کے خواہاں تھے ۔بانڈونگ کانفرنس کے اختتام پر جو قرارداد پاس ہوئی اس میں تیسری دنیا کے ممالک کے درمیان اقتصادی اور ثقافتی تعاون نیز ایشیائی اور افریقی اقوام کی تقدیر کا فیصلہ ان اقوام کے ہاتھ میں دئے جانے کی ضرورت پر زور دیا گیا ۔اس کے علاوہ سامراج کے خلاف بھی ایک قرارداد پاس کی گئی ۔بانڈونگ کانفرنس غیر وابستہ ممالک کی تنظیم کی تشکیل کا پیش خیمہ ثابت ہوئی ۔

 

 


 

18 اپریل 1955 کو مشہور سائنس داں آئن اسٹائن کا انتقال ہوا ۔وہ 14 مارچ سنہ 1879 کو جرمنی کے ایک قصبے اولم ( OLM ) میں پیدا ہوئے ۔سترہ برس کی عمر میں انہوں نے سوئٹزرلینڈ کے شہرزیورخ میں سکونت اختیار کی جہاں انہوں نے 1901 میں اپنی تعلیم مکمل کی ۔آئن اسٹائن نے 11 اپریل سنہ 1905 کو اپنا مشہور نظریہ پیش کیا جس نے سائنس اور طبیعیات کے کئی راسخ اور پرانے نظریات کو جڑ سے اکھاڑ کر پھینک دیا ۔یہ نظریہ طبیعیات کی تاریخ میں نظریۂ اضافیت کے نام سے مشہور ہے ۔1915 میں انہوں نے نظریۂ اضافیت کا دوسرا حصہ پیش کیا ۔سنہ 1921 میں انہیں طبیعیات میں عظیم الشان خدمات انجام دینے پر نوبل انعام سے نوازا گيا ۔سنہ 1933 میں وہ ایک مطالعاتی دورے پر امریکہ میں تھے کہ جرمنی میں نازي حکومت برسر اقتدار آگئی یوں انہوں نے اپنی عمر کا بقیہ حصہ امریکہ میں ہی گزارا ۔امریکہ میں آئن اسٹائن کے نظریات کو بنیاد بنا کر ایٹمی تحقیقات کا آغاز کیا گیا جو بالآخر ایٹم بم کی ایجاد پر منتج ہوا ۔

 

 


 

18 اپریل 1996 کو صیہونی حکومت نے جنوبی لبنان میں واقع قانا گاؤں میں اقوام متحدہ کی امن فوج کے دفتر پر حملہ کیا اس دفتر میں سینکڑوں لبنانی شہریوں نے پناہ لے رکھی تھی صیہونی فوجیوں کے اس وحشیانہ حملے میں ایک سو دس لبنانی شہری مارے گئے جبکہ کئی زخمی ہوگئے ۔لبنانی پناہ گزینوں کے اس وحشیانہ قتل عام پر عالمی رائے عامہ کا غم و غصہ بھڑک اٹھا جس کے نتیجے میں صیہونی فوجی، لبنان پر بمباری ختم کرنے پر مجبور ہوگئے ۔امریکہ نے سلامتی کونسل میں اس سلسلے میں صیہونی حکومت کی مذمت کی قرارداد منظور نہیں ہونے دی لیکن اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے ایک قرارداد منظور کرکے اس قتل عام کی مذمت کرتے ہوئے تل ابیب کو 2.4 ارب ڈالر ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دیا ۔اگر چہ جنرل اسمبلی کے فیصلوں پر عمل درآمد کی کوئی ضمانت نہیں ہے اور صیہونی حکومت نے بھی یہ ہرجانہ ادا نہیں کیا لیکن جنرل اسمبلی میں اسرائيل کی مذمت صیہونی حکومت کے جرائم سے دنیا والوں کی نفرت کا ایک رد عمل تھا ۔

 

 


 

18 اپریل 1980 کو زمبابوے نے آزادی حاصل کی ۔آزادی سے پہلے اس کا نام رہوڈیشیا تھا ۔یہ ملک بیسویں صدی کے اواخر میں برطانیہ کی کالونی تھا اور سفید فام اقلیت اس پر حکومت کرتی تھی ۔دوسری عالمی جنگ کے خاتمے اور برطانیہ کے کمزور ہونے کے بعد زمبابوے کے حکمرانوں اور استعمار پسندوں کے خلاف اس ملک کے عوام کی جد وجہد اور احتجاج میں شدت آگئی اور 1970 سے حکومت اور مخالفین کے درمیان مسلح جھڑپوں میں اضافہ ہوگیا آخر کار سنہ 1978 میں سفید فام اقلیت کی حکومت علیحدگي اختیار کرنے پر مجبور ہوگئي اور اس نے سنہ 1980 میں آزاد پارلیمانی انتخابات کرانے پر رضامندی ظاہر کردی ۔ان انتخابات میں رابرٹ موگابے کی پارٹی نے کامیابی حاصل کی اور زمبابوے میں پہلی سیاہ فام حکومت قائم ہوئی ۔زمبابوے کی 97 فیصد آبادی سیاہ فاموں پر مشتمل ہے