16 اپریل

16 اپریل سنہ 1844 ع کو فرانس کے مشہور مصنف اور شاعر اناطول فرانس پیرس میں پیدا ہوئے ۔جوانی کے زمانے سے ہی انہیں ادب سے خاص لگاؤ پیدا ہوگیا ۔انہوں نے شاعری اور ادب میں اپنی بھر پور صلاحیتوں کی بدولت بہت جلدی شہرت حاصل کرلی ۔اناطول نے " فرشتوں کی نافرمانی " کتاب لکھ کر نوبل انعام حاصل کیا ۔ان کی ایک اہم کتاب کا نام " ملکہ سبا " ہے ۔

سنہ 1924 ع میں اس ادیب کا انتقال ہوگیا ۔

 

 


 

16 اپریل 1889 کو دنیا کے مشہور مزاحیہ اداکار اور فلم ساز چارلی چیپلن لندن کے نواحی علاقے میں پیدا ہوئے ۔انہوں نے پانچ برس کی عمر میں تھیٹر میں کام کرنا شروع کردیا اور آہستہ آہستہ مشہور ہوتے چلے گئے ۔چارلی چیپلن نوجوانی میں ہی امریکہ چلے گئے امریکہ میں غریب اور پسماندہ طبقے سے اظہار ہمدردی اور تنقیدی فلمیں بنانے کے باعث ان پر امریکی حکومت کی طرف سے بعض پابندیاں عائد کردی گئیں اور 1952 میں انہیں امریکہ چھوڑنے کا حکم دے دیا گيا ۔چارلی چیپلن اگرچہ اپنے فن میں اپنے دور کی نابغہ شخصیت تھے لیکن انہوں نے ہمیشہ مغربی سینما کی عریاں ثقافت سے دوری اختیار کی ۔ہمیشہ با مقصد فلمیں بنائیں اور دیکھنے والوں کو کوئی نہ کوئی پیغام دینے کی کوشش کی ۔

چارلی چیپلن نے 1977 میں ایسے وقت میں انتقال کیا جب ان کی شہرت عروج پر تھی ۔

 

 


 

 

16 اپریل سنہ 1853 ع کو برصغیر میں پہلی بار ریل گاڑی چلی ۔سنہ 1843 میں برطانیہ کے ایک ماہر انجینئر جی ٹی کلارک کو ہندوستان میں ریلوے کے آغاز کے سلسلے میں بنیادی کام کے لئے بمبئی بھیجا گیا لیکن ان کی تیار کردہ اسکیم ہندوستانی فوج کی ایک کمیٹی نے مسترد کردی ۔

اسی دوران گریٹ انڈین پینن سولا ریلوے فاک لینڈ کے نام سے ایک پروجیکٹ پر کام شروع ہوا ۔اس پروجیکٹ کے مطابق بمبئی سے دکن تک ریلوے لائن تعمیر ہونا تھی ۔سنہ 1849 میں ایسٹ انڈیا کمپنی نے 35 میل لمبی تجرباتی لائن بچھانے کی اجازت دی سنہ 1852 کے اواخر میں بمبئی سے تھانہ تک ریل کی پٹری تیار ہوگئی ۔16 اپریل سنہ 1853 کے دن بمبئی میں عام تعطیل کی گئی اور اس دن دوپہر تین بج کر تیس منٹ پر بمبئی کے اسٹیشن سے اکیس میل کے فاصلے پر واقع تھانہ اسٹیشن کے لئے روانہ ہوئی ۔ریل گاڑی کو اکیس توپوں کی سلامی دی گئی ۔اس ریل گاڑی نے یہ سفر 57 منٹ میں طے کیا ۔

 

 


 

16 اپریل 1988 کو صیہونی فوجیوں نے تنظیم آزادی فلسطین p.l.o کے ایک بانی خلیل الوزیر ابوجہاد کو شہید کردیا ۔ابوجہاد کا تعلق ان فرزندان اسلام سے تھا جنہوں نے مسلح جد وجہد کی ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے قاہرہ میں چھاپہ مار طرز پر p.l.o کے نام سے ایک مسلح تنظیم کی بنیاد رکھی اور بعد میں وہ اس تنظيم کی فوجی شاخ کے سربراہ منتخب ہوئے ۔آخرکار ابوجہاد کو اسی جد وجہد کے دوران صیہونی فوجیوں نے ایک کارروائی کرکے شہید کردیا ۔

 

 


 

16 اپریل سنہ 1948 ع کو مسلح صیہونیوں نے فلسطین میں برطانوی فوجیوں کے کیمپ پر حملہ کرکے 90 فلسطینیوں کو قتل اور متعدد کو زخمی کردیا ۔یہ المیہ ایسے وقت ہوا جب ایک طرف برطانوی فوجی فلسطین سے واپس اپنے وطن جانے کی تیاری کررہے تھے اور دوسری طرف صیہونیوں نے غیر قانونی صیہونی حکومت کی تشکیل کے مقصد کے پیش نظر بے گناہ فلسطینیوں کے قتل عام پر مبنی اپنی کارروائیوں میں شدت پیدا کردی تھی ۔فلسطینی مسلمانوں کے خلاف انگریزوں اور صیہونیوں کی ملی بھگت کا نتیجہ فلسطینیوں کے قتل عام ، ان کی جلاوطنی اور ایک ماہ بعد یعنی 14 مئی سنہ 1948 کو قدس کی غاصب حکومت کے قیام کے اعلان کی صورت میں برآمد ہوا ۔

 

 


 

 

16 اپریل 1997 کو مکہ مکرمہ سے دس کلومیٹر دور منیٰ میں ایک گیس سیلنڈر کے پھٹنے سے زبردست آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں 343 حجاج جاں بحق جبکہ 1290 زخمی ہوگئے ۔اس کے علاوہ ستر خیمے جل کر راکھ ہوگئے ۔1975 کے بعد منیٰ میں آگ لگنے کا یہ دوسرا بڑا واقعہ تھا ۔