15 اپریل
15 اپریل سنہ 1452 ع کو اٹلی کے معروف مصور اور مجسمہ ساز لئونارڈو ڈاوینچی پیدا ہوئے ۔بچپن میں ہی انہیں مصوری سے خاص لگاؤ تھا ۔انہوں نے اس فن پر بہت تیزی سے مہارت حاصل کی ۔وہ سنہ 1506 میں لوئی دوازدہم اور پھر فرانسیس اول کے دربار سے وابستہ ہوگئے ۔
ڈاوینچی نے مصوری اور مجسمہ سازی کے علاوہ فزکس اور ریاضی کا بھی کافی مطالعہ کیا تھا ۔میلان شہر کے کلیسا کی تعمیر ان کی معماری کی مشہورترین یادگار ہے ۔ان کا انتقال سنہ 1519 میں ہوا ۔
15 اپریل سنہ 1994 ع کو مراکش میں تجارت کی عالمی تنظیم WTO کی تشکیل کے معاہدے پر دستخط ہوئے ۔دوسری عالمی جنگ کے دوران امریکہ اور برطانیہ نے اس تنظیم کی تشکیل کا راستہ ہموار کیا اور اسی بنیاد پر سنہ 1947 ع میں دنیا کے 23 ترقی یافتہ ممالک نے ٹیرف اور تجارت کے سمجھوتے گاٹ ( GATT ) پر دستخط کئے ۔اس سمجھوتے میں یہ طے پایا تھا کہ آزاد تجارت کے راستے میں حائل تمام رکاوٹوں کو دور کرنے کی خاطر مذاکرات کئے جائیں گے ۔گاٹ کے مقاصد کے حصول کی خاطر ان مذاکرات کا آٹھواں دور سنہ 1986 سے یوروگوئے میں شروع ہوا اور اس کا اختتام سنہ 1994 کو مراکش میں ہوا ۔مذاکرات کے نتیجے میں گاٹ کا نام تبدیل کرکے تجارت کی عالمی تنظیم WTO رکھ دیا گیا اور بہت سے ممالک نے اس کی رکنیت حاصل کرلی ۔امریکہ اور بعض دیگر یورپی ممالک کا اس تنظیم میں بہت اثر و رسوخ ہے اور وہ اپنے مفادات کے حصول کے لئے اس تنظیم کو استعمال کرتے ہیں ۔
15 اپریل 1895 کو اردو کے بلند پایہ ادیب اور صاحب طرز انشاء پرداز مولانا غلام رسول مہر پیدا ہوئے ۔انہوں نے اسلامیہ کالج لاہور سے تعلیم حاصل کی ۔اس کے بعد کئی برس حیدر آباد دکن میں ملازم رہے ۔انہوں نے صحافتی زندگی کا آغاز 1921 میں روزنامہ زمیندار لاہور سے کیا ۔اس کے بعد انہوں نے 1927 میں مولانا عبدالمجید سالک کے ساتھ مل کر اپنا اخبار انقلاب نکالا جس سے وہ 1949 تک وابستہ رہے ۔
مذہب ، سیاست ، تہذیب ، تمدن ، معلومات ، علمی ،ادبی ، مذہبی اور قومی شخصیات اور سیرت پر سو سے زیادہ تصنیفات و تالیفات و تراجم ان کی یادگار ہیں ۔مولانا غلام رسول مہر کا 16 نومبر 1971 کو انتقال ہوا ۔
15 اپریل 1731 کو مشہور فلسفی اور ماہر طبیعیات ہنری کاون ڈش فرانس کے شہر نیس میں پیدا ہوئے ۔ انہوں نے فزکس اور کیمسٹری میں انتہائي مہارت حاصل کی ۔کاؤنڈیشن وہ پہلے شخص تھے جنہوں نے یہ ثابت کیا کہ ہائیڈروجن گیس قدرتی ہوا سے ہلکی ہے اور جن چیزوں کو اس گیس سے پر کیا جائے وہ ہوا میں اوپر جاسکتی ہیں کاون ڈش کا 1810 میں انتقال ہوا ۔
15 اپریل سنہ 1707 ع کو سوئٹزرلینڈ کے ریاضی داں ، فزکس دان اور منجم لئونارڈ اولر پیدا ہوئے ۔جوانی کے دوران ہی انہوں نے ریاضی کے سلسلے میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا اور بہت شہرت حاصل کرلی ۔انہوں نے سیاروں میں رونما ہونے والی تبدیلیوں کے سلسلے میں بھی گرانقدر تحریریں یادگار کے طور پر چھوڑی ہیں اور کیمیا کے بارے میں بھی ۔
سوئٹزرلینڈ کا یہ دانشور 60 سال کی عمر میں نابینا ہوگیا اور سنہ 1783 ع میں وفات پاگیا ۔
15 اپریل 1986 کو امریکہ نے لیبیا کے شہروں طرابلس اور بن غازی پر حملہ کیا ۔اس حملے کے لئے امریکہ نے یہ بہانہ بنایا تھا کہ جرمنی کے ایک ہوٹل میں ہونے والے بم دھماکے میں لیبیا کا ہاتھ تھا ۔اس دھماکے میں تین امریکی فوجی ہلاک ہوگئے تھے امریکہ کے اس حملے میں لیبیا کے نہتے عوام کی ایک تعداد ہلاک اور زخمی ہوگئی ۔لیبیا کے غیر فوجی ٹھکانوں پر امریکہ کے فضائی حملوں سے مسلمانوں کا غم و غصہ بھڑک اٹھا اور بین الاقوامی سطح پر واشنگٹن کی مذمت کی گئی ۔