14 اپریل

14 اپریل 1865 ع کو امریکی صدر ابراہام لنکن کا قتل ہوا ۔وہ 12 فروری 1809 ع کو پیدا ہوئے ۔1846 میں وہ امریکی کانگرس کے رکن منتخب ہوئے ۔ریپبلکن پارٹی نے 1860 میں انہیں صدارتی امیدوار نامزد کردیا اور یوں وہ امریکہ کے صدر منتخب ہوگئے ۔ابراہام لنکن کے عہد صدارت کا سب سے بڑا کارنامہ غلامی کا خاتمہ تھا ۔جس کی وجہ سے انہیں امریکہ کی بدترین خانہ جنگي کا سامنا کرنا پڑا ۔9 اپریل 1865 کو باغی جنوبی ریاستوں کے کمانڈر جنرل رابرٹ ای لی نے یونین آرمی کے سامنے ہتھیار ڈال دیئے ۔پانچ دن بعد 14 اپریل 1865 کو وہ واشنگٹن کے فورڈ تھیٹر میں ایک ڈرامہ دیکھ رہے تھے کہ ایک اداکار نے ان پر گولی چلادی ۔جس سے ان کی زندگي کا خاتمہ ہوگیا ۔

 

 


 

14 اپریل 1912 کو مشہور بحری جہاز ٹائی ٹینک سمندر میں غرق ہوا ۔ٹائی ٹینک برطانوی جہاز راں کمپنی وھائٹ اسٹارلائن کا جہاز تھا اس کا وزن 328 ، 46 ٹن اور لمبائی 5 ۔ 882 فٹ تھی ۔یہ اپنے زمانے کا سب سے بڑا بحری جہاز تھا اور اس کے بارے میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ یہ کبھی نہیں ڈوب سکتا ۔

یہ جہاز تقریبا" 2200 مسافروں کے ہمراہ 10 اپریل 1912 کو اپنے پہلے بحری سفر پر روانہ ہوا ۔جہاز کے کپتان ای جے اسمتھ نے جہاز کو تیز رفتاری سے چلا کر بحر اوقیانوس کو سب سے کم مدت میں عبور کرنے کا عالمی ریکارڈ قائم کرنے کی کوشش کی ۔14 اپریل 1912 کی رات 11 بجکر 40 منٹ پر ٹائی ٹینک ایک آئس برگ سے ٹکرا گیا جہاز میں انتہائی کم لائف بوٹس موجود تھیں جن کی مدد سے صرف 755 مسافر اپنی جان بچانے میں کامیاب ہوسکے ۔ باقی مسافر جن کی تعداد 1490 سے 1635 تک بتائی جاتی ہے ڈوب کر ہلاک ہوگئے ۔

 

 


 

14 اپریل 2002 کو ونزویلا کے صدر ہوگوچاوز اپنے خلاف بغاوت کی ناکامی کے بعد دوبارہ برسر اقتدار آگئے ۔ہوگوچاوز 1999 میں ونزویلا کے صدر منتخب ہوئے انہوں نے غریب اور متوسط طبقوں کے حق میں بہت سی اصلاحات انجام دیں ۔انہوں نے ونزویلا سے تیل نکالنے والی امریکی تیل کمپنی کی نگرانی اور کنٹرول کے لئے بھی اقدامات کئے ۔ان کی آزاد اور خودمختار داخلہ اور خارجہ پالیسیوں سے امریکہ ناراض ہوگیا اور اس نے حکومت کےمخالفین کی مدد سے 12 مارچ 2002 کو ان کے خلاف بغاوت کرادی ۔لیکن ہوگوچاوز کی اصلاحات سے راضی عوام نے بغاوت کی کامیابی کے باوجود اپنے ملک کے داخلی امور میں غیر ملکی مداخلت کو قبول نہ کیا اور سڑکوں پر نکل آئے اور بغاوت کے نتیجے میں بر سر اقتدار آنے والی حکومت کو برطرف کرکے اپنے قانونی صدر کو دوبارہ بحال کردیا ۔

 

 


 

14 اپریل 1988 کو سابق سوویت یونین نے جنیوا میں ایک معاہدے پر دستخط کرکے افغانستان سے اپنی فوجوں کو نکالنے سے اتفاق کرلیا ۔روسی فوجیوں نے دسمبر 1979 میں افغانستان پر قبضہ کیا تھا ۔لیکن ابتدا سے ہی انہیں افغان مجاہدین کی شدید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا ۔اسی طرح امریکہ نے جب اپنے مفادات کو خطرے میں دیکھا تو اس نے ماسکو کو افغانستان سے باہر نکلنے پر مجبور کرنے کے لئے اس کے خلاف فوجی سیاسی اور اقتصادی ہتھکنڈے استعمال کئے ۔اس طرح گورباچف کی قیادت میں سوویت حکام نے جب ملک میں بعض اصلاحات شروع کیں تو انہوں نے افغانستان پر قبضے کو اپنے سامنے ایک بڑی مشکل پایا اور وہ افغانستان سے پسپائی پر مجبور ہوگئے ۔

 

 


 

14 اپریل سنہ 1961 ع کو کیوبا میں انقلاب مخالف عناصر نے حکومت کے خلاف اپنی کارروائیوں کا آغاز کیا ۔سنہ 1959 میں جب کیوبا میں انقلاب آیا تو انقلاب مخالف عناصر امریکہ بھاگ گئے ۔امریکی حکومت نے فلوریڈا ریاست میں ان کی رہائش کاانتظام کیا ۔واشنگٹن کی حکومت نے ان میں سے تقریبا" دو ہزار افراد کو فوجی تربیت دی اور کیوبا پر حملے کی غرض سے ان کو ہر طرح کا اسلحہ دیا ۔لیکن کیوبا کی فوج نے فیڈل کاسٹرو کی کمان میں ان کو شکست دی ، ان میں سے سینکڑوں کو ہلاک اور 1500 کو گرفتار کرلیا ۔