11 اپریل

11 اپریل سنہ 1919 ع کو میکسیکو کی ایک انقلابی شخصیت امیلیانو زاپاتا کو ایک سازش کے تحت قتل کردیا گیا ۔میکسیکو کے سرخ فام انہیں اپنا نجات دہندہ اور رفارمر جانتے تھے ۔امیلیانو زاپاتا نے سنہ 1910 ع میں " زمین اور آزادی " کا نعرہ لگاتے ہوئے اسلحہ اٹھالیا اور حریت پسند سرخ فاموں کا ایک لشکر تیار کرکے ان کی غصب شدہ زمین واپس دلانے کی کوشش کی ۔زاپاتا نے جب اپنے زمینی اصلاحات کے پروگرام کا اعلان کیا تو میکسیکو کے بادشاہ فرانسیسکو مادرو نے اس کی مخالفت کی ۔زاپاتا مادرو کے خلاف اٹھ کھڑے ہوئے اور ایک وسیع سرزمین آزاد کرالی لیکن زاپاتا کے دشمنوں نے دھوکہ دہی سے کام لے کر زاپاتا کو قتل کردیا ۔

 


 

11 اپریل سنہ 1974 ع کو پاکستان ریڈیو کے مشہور براڈکاسٹر رفیع پیر نے وفات پائي ۔ وہ 21 مارچ سنہ 1900 ع کو پیدا ہوئے ۔لاہور سے میٹرک کیا پھر گورنمنٹ کالج لاہور میں داخلہ لیا ۔تحریک عدم تعاون ، تحریک خلافت اور جلیانوالہ باغ کے قتل عام کے باعث انہوں نے کالج چھوڑدیا اور سیاست میں حصّہ لینا شروع کردیا ۔اسی سلسلے میں ان کی گرفتاری کے وارنٹ جاری ہوئے اور وہ لندن اور وہاں سے جرمنی چلے گئے ۔جرمنی میں انہوں نے ادب اور فلسفے میں مہارت حاصل کی ۔اس کے بعد ان کی فلم اور تھیٹر کی طرف دلچسپی ہوگئی ۔لیکن جلد ہی وہ ہندوستان لوٹ گئے ۔ہندوستان واپس جاکر انہوں نے لاہور اور پھر دہلی ریڈیو اسٹیشنوں کے لئے متعدد ڈرامے تحریر کئے جن میں ان کا ڈرامہ " آنکھیاں " بہت مشہور ہوا ۔11 اپریل سنہ 1974 ع کو میوہسپتال لاہور میں ان کا انتقال ہوگیا ۔

 

 


 

11 اپریل سنہ 1985 ع کو البانیہ کے سابق صدر انورخوجہ نے وفات پائي ۔سنہ 1939 ع میں جب اٹلی نے البانیہ پر قبضہ کرلیا تو انورخوجہ نے چھاپہ ماروں کی قیادت اپنے ہاتھ میں لے لی ۔دوسری عالمگیر جنگ میں اٹلی کی شکست کے بعد انورخوجہ نے سوویت فوج کی مدد سے سنہ 1944 ع میں البانیہ کا اقتدار اپنے ہاتھ میں لیا اور دو سال کے بعد اس کے کمیونسٹ ہونے کا اعلان کیا ۔انہوں نے کمیونسٹ پارٹی بھی قائم کی اور خود اس کے جنرل سیکرٹری مقرر ہوئے ۔سنہ 1961 ع تک انور خوجہ اور سابق سوویت یونین کے درمیان گہرے دوستانہ تعلقات قائم رہے لیکن اس کے بعد ماسکو کے ساتھ تعلقات خراب ہونے کے بعد البانیہ ماؤازم اور چین کا حامی بن گيا ۔البانیہ پر 41 سال حکومت کرنے کے بعد سنہ 1985 میں انورخوجہ نے وفات پائي ۔