یکم اپریل

یکم اپریل سنہ 1546 کو ڈنمارک کے ریاضی دان اور منجم ٹیکو براہہ ( tycho brahe ) پیدا ہوئے ۔انہوں نے کچھ عرصہ جرمنی میں علم حاصل کیا ۔اس کے بعد بہت زیادہ تحقیق و مطالعے کے بعد ایک نیا ستارہ دریافت کیا جس کے بعد ڈنمارک کی حکومت نے رصد خانہ بنانے کے لئے ایک جزیرہ ان کے سپرد کردیا ۔اس جزیرے میں انہوں نے بیس سال تک بہت لگن کے ساتھ کام کیا اور رصد کے آلات مکمل کرنے اور سیّاروں اور ستاروں کی رصد کے ذریعے دوسرے منجمین کی تحقیقات کا راستہ ہموار کیا ۔ٹیکو براہہ کا سنہ 1601 ع میں انتقال ہوا ۔

 


 

 

یکم اپریل سنہ 1945 ع کو امریکی فوجیوں نے جاپان کے اوکیناوا جزیرہ پر اپنے وسیع حملے کا آغاز کیا ۔دوسری عالمگیر جنگ کے اواخر میں کیا جانے والا یہ حملہ جاپان اور امریکہ کے درمیان آخری اور بڑی زمینی اور سمندری جنگ شمار ہوتی ہے ۔یہ لڑائی 83 دنوں تک جاری رہی ۔اس میں امریکہ کے تیرہ سو بحری جہازوں اور تقریبا" دس ہزار جنگي طیاروں نے حصّہ لیا ۔لیکن جاپان والوں نے اپنی سرزمین کا بھر پر انداز میں دفاع کیا ۔اس جنگ میں فریقین کو شدید نقصان پہنچا ۔جاپانیوں کی استقامت کی وجہ سے امریکی حکام اس جزيرے پر حملہ کرنے میں ناکام رہے تو انہوں نے جاپان کے ہیروشیما اور ناگاساکی شہروں پر ایٹمی حملے کا حکم دے دیا ۔اس وقت جاپان میں امریکہ کا سب سے بڑا فوجی اڈا اسی جزیرے میں واقع ہے ۔اس جزیرے کے باشندے سالہا سال سے اس کے بند کئے جانے کے خواہاں ہیں ۔

 


 

 

یکم اپریل سنہ 1578 ع کو علم تشریح الابدان یا پوسٹ مارٹم کے ماہر ڈاکٹر ویلئم ہاروی برطانیہ میں پیدا ہوئے ۔ہاروی میڈیکل کی اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے بعد یونیورسٹی میں تدریس اور تحقیقات میں مشغول ہوگئے ۔

ویلئم ہاروی نے 1616 ع میں جسم میں جریان خون کی کیفیت دریافت کی اور اس سلسلے میں ایک کتابچہ لکھا ۔

ہاروی نے " حیوانات کی تخلیق " پر بھی ایک کتابچہ لکھا ہے ۔ویلئم ہاروی 1657 ع میں انتقال کرگئے ۔

 

 


 

یکم اپریل سنہ 1948 کو پاکستان کے پہلے سکّے جاری ہوئے ۔قیام پاکستان کے ابتدائی چند ماہ تک حکومت پاکستان نے غیر منقسم ہندوستان کے سکّوں اور کرنسی نوٹوں کو ہی اپنی کرنسی کے طور پر استعمال کیا اور ساتھ ہی ساتھ اپنے سکّے اور نوٹ جاری کرنے کی کوششیں بھی جاری رکھیں یکم اپریل سنہ 1948 ع کو پاکستان نے اپنے سکّے جاری کرنے کے ساتھ ریزرو بینک آف انڈیا کے کرنسی نوٹوں پر حکومت پاکستان کے الفاظ لکھ کر انہیں بھی پاکستان کی سرکاری کرنسی قرار دے دیا ۔

 

 


 

 

یکم اپریل سنہ 1815 ع کو جرمن کے مشہور سیاستدان اور مدبّر بسمارک پیدا ہوئے ۔وہ آہنی چانسلر کے خطاب سے معروف ہیں بسمارک پروشیا میں پیدا ہوئے جو اس وقت جرمنی کی 39 ریاستوں میں سب سے بڑی اور مستحکم ریاست تھی ۔سنہ 1847 میں انہیں روس پھر فرانس میں جرمنی کا سفیر بنا کر بھیجا گیا ۔سنہ 1862 میں شاہ فریڈرک ولیم چہارم نے ان کو پروشیا کی وزارت اعلیٰ اور وزارت خارجہ کے عہدوں پر فائز کردیا سنہ 1871 ع سے سنہ 1888 ع تک بسمارک نئی جرمن حکومت کے چانسلر رہے ۔اس دوران انہوں نے یورپ میں امن و امان اور صلح و سلامتی کو قائم رکھنے کے لئے ہر ممکن کوشش کی ۔خود جرمنی میں بھی انہوں نے سماجی جمہوریت کو پروان چڑھایا ۔ان کے عہد میں جرمنی نے صنعتی میدان میں بھی بڑی ترقی کی ۔