بدھ, 04. جون 2008

کرگل،امام خمینی کی برسی میں ہزاروں افراد کی شرکت

ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر کے علاقے کرگل میں امام خمینی میموریل ٹرسٹ کے زیراہتمام بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کی انیسویں برسی آج انتہائی عقیدت و احترام سے منائی گئی۔کرگل سے ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق امام خمینی میموریل ٹرسٹ کرگل کے زیراہتمام ہونے والے اس پروگرام میں شیعہ و سنی علما دانشوروں اور عوام کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ایک اندازے کے مطابق تقریبا پچاس ہزار افراد نے اس پروگرام میں شرکت کی اور امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ سے اپنی عقیدت اور محبت کا اظہار کیا۔اس موقع پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کی شخصیت کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور انہیں عصر حاضر کا عظیم ترین رہنما قرار دیا۔مقررین نے کہا کہ عالم اسلام کے موجودہ مسائل کے حل کے لیے امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کے افکارونظریات کو اپنانا ضروری ہے۔انہوں نے امام خمینی کو اتحاد بین المسلمین کا سب سے بڑا داعی قرار دیتے ہوئے کہا کہ عالم اسلام کے خلاف ہونے والی اسلام دشمن طاقتوں کی سازشوں کو مدنظر رکھتے ہوئے آج اتحاد مسلمین کی اشد ضرورت ہے اور اسی کے ذریعے دشمنان اسلام کی سازشوں کو ناکام بنایا جا سکتا ہے۔(4جون2008)

 

 

 

صدر  محمود احمدی نژاد کی روم میں فاؤ کے اجلاس کے موقع پر ملاقاتیں

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر محمود احمدی نژاد نے روم میں اقوام متحدہ کے خوراک کے ادارے فاؤ کے اجلاس کے موقع پر مختلف ملکوں اور اداروں کے رہنماؤں سے ملاقات کی ہے ۔روم سے ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق صدر مملکت نے اس موقع پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون سے ملاقات میں کہا کہ تسلط پسند طاقتیں عالمی حالات کو اپنے حق میں کرنے کی کوشش کر رہی ہیں اور اسی بنا پر اقوام متحدہ اور فاؤ کو عالمی بحرانوں کے حل میں سرگرم کردار ادا کرنا چاہیے۔صدر مملکت نے اقوام متحدہ کے ادارے فاؤ کے ڈائریکٹر جنرل سے بھی ملاقات کی ۔انہوں نے اس ملاقات میں دنیا میں غربت کے خاتمے اور بحرانوں کے حل پر زور دیا۔اسلامی جمہوریہ کے صدر نے اسی طرح سینیگال کے صدر عبداللہ واد سے بھی ملاقات کی اور تہران ڈاکار کے تعلقات کو مزید فروغ دینے پر زور دیا۔صدر مملکت ڈاکٹر احمدی نژاد نے اٹلی کے تین ٹی وی چینلوں اور ایک اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ ایران کی ایٹمی سرگرمیاں پرامن ہیں اور ایران کے خلاف امریکہ کے دعوے ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی کے مطابق غیرقانونی ہیں اور ان کا جا‏ئزہ نہیں لیا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ آئی اے ای اے کی متعدد رپورٹیں ایران کی ایٹمی سرگرمیوں کے پرامن ہونے اور امریکہ کے ایران مخالف دعووں کے غلط ہونے کو ظاہر کرتی ہیں۔صدر مملکت نے کہا کہ ایران کے خلاف امریکہ کی دشمنی کوئی نئی بات نہیں ہے اور آج بھی آئی اے ای اے پر اس کا دباؤ جاری ہے۔انہوں نے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں گزشتہ ساٹھ برسوں کے دوران صیہونی حکومت کے مظالم کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ صیہونی حکومت قوموں کا خون چوس رہی ہے اور بعض حکومتیں اپنی قوموں کے پیسے سے اس حکومت کو سالانہ تاوان اور جزیہ دیتی ہیں۔(4جون2008)

 

 

 

 

پندرہ خرداد،ایران میں اسلامی تحریک کے آغاز کا دن

آج سے پینتالیس سال قبل پندرہ خرداد تیرہ سو بیالیس  ہجری شمسی مطابق چار جون انیس سو ترسٹھ کو ظالم شاہی حکومت کے کارندوں کے ہاتھوں بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کی گرفتاری کے بعد شاہ ایران کی خائن ظالم اور پٹھو حکومت کے خلاف عوامی احتجاج،مظاہروں اور تحریک کا آغاز ہو گيا۔شاہی حکومت کے کارندوں نے اس تحریک کو روکنے کے لیے مظاہرین پر حملہ کر دیا اور لوگوں کی ایک بڑی تعداد کو خاک و خون میں غلطاں کر دیا۔پندرہ خرداد کو شروع ہونے والی یہ تحریک شاہ کی پٹھو حکومت کے خلاف ایرانی عوام کے اسلامی انقلاب کا نقطۂ آغاز تھی کہ جس نے ایران کے سیاسی و سماجی مستقبل کے خطوط وضع کر دیے۔اس تحریک کے آغاز کے ساتھ ہی شاہ کی حکومت کے چہرے سے ریا اورمکاری کا پردہ اٹھ گيا اور اس کی اسلام اور عوام مخالف ماہیت واضح ہو گئی۔پندرہ خرداد کو امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کی قیادت میں شروع ہونے والی تحریک آخرکار گيارہ فروری انیس سو اناسی کو کامیابی سے ہم کنار ہوئی اور اسلامی انقلاب کامیابی سے ہم کنار ہوا۔(4جون2008)       

 

 

 

امریکہ لبنان کی نئی کابینہ کی تشکیل میں رکاوٹ

لبنانی پارلیمنٹ کے ایک نمائندے سلیم عون نے کہا ہے کہ امریکہ لبنان میں نئی کابینہ کی تشکیل میں رکاوٹ ڈال رہا ہے۔لبنانی نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق لبنانی پارلیمنٹ کے نمائندے اور آزاد قومی مسیحی پارٹی کے رکن سلیم عون نے امریکی حکومت پر لبنان کے داخلی امور میں مداخلت جاری رکھنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ  واشنگٹن نے لبنان میں قومی وحدت کی کابینہ کی تشکیل کواب تک روک رکھا ہے۔لبنان کے اخبار السفیر نے بھی اپنی آج کی اشاعت میں لکھا ہے کہ امریکہ اس بات پر زور دے رہا ہے کہ اس کے حمایت یافتہ شخص کو لبنان کی فوج کا سربراہ بنایا جائے۔لبنان کے نئے صدر میشل سلیمان نے گزشتہ ہفتے لبنان کی سیاسی شخصیات سے صلاح و مشورے کے بعد فواد سنیورہ کو ایک بار پھر کابینہ تشکیل دینے کی دعوت دی ہے۔(4جون2008)  

 

 

 

 

 

 

ایکس سروس مین سوسائٹی نے وکلا کے لانگ مارچ میں شرکت کا اعلان

ایکس سروس مین سوسائٹی نے وکلا کے لانگ مارچ میں شرکت کا اعلان اورصدر مشرف کے مواخذے کے ساتھ ان پر مقدمے کرنے کامطالبہ کیا ہے۔ لاہورمیں پریس کانفرنس کرتے ہوئے میجر جنرل (ر) شفیق احمد نے کہا کہ معزول ججوں کو 2نومبر والی پوزیشن پر بحال کیا جائے اور ہم آئینی پیکیج نہیں مانتے۔انہوں نے کہا کہ ملک کا پیسہ لوٹنے والوں کو این آر او کے تحت معاف کردیا گیا۔۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ فوجیوں کو آرمی کے علاوہ کہیں بھی تعینات نہ کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ایکس سروسز مین وکلا ء کے لانگ مارچ میں شانہ بشانہ ہوں گے۔صدر مشرف نے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے صدر مشرف کی پالیسیوں سے نقصان ہوا ہے اوران کا مواخذہ اور کورٹ مارشل کیا جائے۔  (4جون2008)