پير, 07. اپريل 2008

مایاواتی کی سپریم کورٹ میں اپیل

ہندوستان کی ریاست اترپردیش کی وزیراعلی مایا وتی نے امبیڈکرپارک میں تعمیر روکنے کے ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل کی ہے.

موصولہ رپورٹ کے مطابق جسٹس کے جی بال کرشنن  کی بنچ نے سماعت کیلۓ وزیراعلی کی درخواست منظور کرلی ہے اور اس کی کل سماعت ہوگی  ۔واضح رہے کہ ہا‏ئی کورٹ نے اپنے حکم میں بی آر امبیڈکر اور ان کی بیوی کی یادگاربناۓ جانے کے مایا وتی کےمنصوبوں پر روک لگادی تھی۔ ہا‏ئي کورٹ نے عدالت کے حکم کی خلاف ورزی پر بھی سخت تنقید کی تھی ۔ مایاوتی کے ان منصوبوں پر بھی کافی اختلاف رہا ہے ۔کیونکہ یہ یادگار یوپی کے دارلحکومت لکھنؤ کی کافی مہنگی زمین پربنایا جارہاہے اوراس پر سات سوکرور روپیہ خرچ ہونے تھےجس پر اپوزیشن جماعتوں نےاحتجاج کیاتھا۔(7اپریل2008)

 

 

 

کرم ایجنسی میں طالبان کی بربریت جاری

پاکستان کے قبا‏ئلی علاقہ کرم ایجنسی میں عوام اور طلباء نے طالبان اور القاعدہ کی جانب سے دہشت پھیلانےاور حکومت کی جانب سے ان کی حمایت کے خلاف مظاہرے کۓ ہیں۔  پشاور سے ہمارے پشتو ریڈیو کی رپورٹ کے مطابق آج پشاور میں عوام اور امامیہ ایسٹوڈنٹس آرگنائیزیشن کے اراکین نے پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرے کۓ اور پولیٹیکل ایجنٹ اور اس علاقہ میں تعینات فوج کے خلاف نعرے بازي کی۔ مظاہرین نے پاکستان کی مرکزی حکومت سےمطالبہ کیاکہ وہ طالبان اور القاعدہ کی جانبداری کرنے والے حکام کا  کرم ایجنسی سے  جلد ازجلد تبادلہ کرکےان کی جگہ ذمہ داراور غیرجانبدار حکام کو تعینات کریں ۔

مظاہرے میں شریک پاکستانی سینٹ کے سابق رکن علامہ سیدجواد ہادی نےپشتو ریڈیوکو بتایاکہ حکومت کی مکمل خاموشی کی وجہ سے ایک سال سے کرم ایجنسی میں بحران اوربدامنی پائی جاتی ہے۔قابل ذکر ہے کہ  سدہ  ، سنگینہ ، بالش خیل ، اور خارکے دیہی علاقوں میں سنیچر کے دن سےشروع ہونے والی جھڑپوں کا سلسلہ  آج بھی جاری رہا گذشتہ رات بھی طالبان نے طوری قبیلے کی دومنی بسوں کوجو ایک فوجی چک پوسٹ پر کھڑی ہوئي تھیں آگ لگادی لیکن فوج طالبان کی اس بربریت کو کھڑی دیکھتی رہی۔(7اپریل2008)

 

 

 

سندھ کے سابق وزیراعلی کے ساتھ بدسلوکی

پاکستان میں سندھ اسمبلی کے اجلاس کے دوران سابق وزیراعلیٰ ارباب غلام رحیم کے ساتھ بدسلوکی کی گئی اور ان پر جوتے مارے گئے۔موصولہ رپورٹ کے مطابق آج ارباب غلام رحیم سخت سیکیورٹی میں پچھلے دروازے سے ایوان میں داخل ہوئے۔انہوں نے اسمبلی رکن کی حیثیت سے اپنے عہدے کا حلف اٹھایا،اس دوران گیلری میں بیٹھے سیاسی کارکنان کی جانب سے ان کے خلاف نعرے بازی کی گئی،جبکہ اسپیکر اسمبلی مظفر حسین شاہ نے مہمانوں کو خبردار کیا تاہم شور وغل کا سلسلہ جاری رہا۔آج کا اجلاس تین گھنٹے تاخیر سے شروع ہوا۔اجلاس کے دوران بدنظمی دیکھی گئی۔ارباب غلام رحیم حلف اٹھاتے ہی اسمبلی سے واپس چلے گئے۔واپسی پر سیاسی کارکنوں کی جانب سے ان کو زدوکوب کیاگیا اور ان کو جوتا ماراگیا جبکہ ان کے ساتھ آنے والی پولیس کی گاڑی پر بھی  پتھراؤ وتوڑ پھوڑ کی گئی۔ سابق وزیراعلیٰ ارباب غلام رحیم کے ساتھ بدسلوکی پر متحدہ قومی موومنٹ نے ایوان سے واک آؤٹ کیا۔جبکہ اسپیکر سندھ اسمبلی نے ارباب غلام رحیم سے اس واقعے پر معافی مانگی۔ (7اپریل2008) 

 

 

 

چین نے بحری جہازپاکستان کے حوالے کردیا

پاک چین مشترکہ دفاعی منصوبے کے تحت چین میں پاکستان کے لۓ تیار کردہ پہلاجنگی بحری جہاز پاکستان کے حولے کردیا بحری جہاز ایف22 فری گیٹ شنگھائی کے ساحل پر سمندر میں اتار دیا گیا۔اس موقع پر منعقدہ تقریب میں پاکستان نیوی کے سربراہ ایڈمرل افضل طاہر نے شرکت کی۔پاک چین دفاعی منصوبے کے تحت چار ایف 22فری گیٹ تیار کئے جائینگے جن میں سے 3چین میں جبکہ ایک پاکستان میں تیار کیا جائے گا۔ (7اپریل2008) 

 

 

 

تمام ججوں کی بحالی کے علاوہ کچہ قبول نہیں۔ اعتزازاحسن

سپریم کورٹ بار کے صدر چوہدری اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ معزول چیف جسٹس افتخارمحمد چوہدری سمیت تمام ججز کی بحالی کے علاوہ کوئی بھی پیکیج یا فارمولا قابل قبول نہیں ہو گا اس کے لئے اگرلانگ مارچ کی ضرورت پڑی تو گریز نہیں کریں گے۔ اوکاڑ ہ اور ساہیوال بار سے خطاب کے لئے روانگی سے قبل لاہور میں اپنی رہائش گاہ پر  صحافیوں سے گفتگو میں اعتزازاحسن نے کہا کہ دونوں بڑی سیاسی جماعتوں نے عوام کے سامنے اعلان کیا ہے کہ حکومت بننے کے بعد30 دن کے اندر تمام ججز بحال کردیئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت کسی آئینی پیکیج کے ذریعے عدلیہ کو مضبوط کرنا چاہتی ہے تو ضرور کرے لیکن ججز کی بحالی الگ معاملہ ہے۔جس کے لئے وکلا کی جدوجہد جاری رہے گی۔ اعتزازاحسن نے کہا کہ معزول چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کے بار ایسوسی ایشن سے خطاب کے سلسلہ کو وزیراعظم یوسف رضاگیلانی کے کہنے پر روکا گیاہے۔ (7اپریل2008) 

 

 

 

 

آج دنیا میں عالمی ادارہ صحت منایاگیا

عالمی ادارہ صحت کے زیر اہتمام آج صحت کا عالمی دن منایا جارہا ہے جس کا مقصد لوگوں کو صحت کی اہمیت سے آگاہ کر نا ہے۔عالمی ادارہ صحت نے 1948 میں ہر سال سات اپریل کو صحت کا عالمی دن منانے کا فیصلہ کیا تھااور پہلی مرتبہ1950 میں یہ دن منایا گیا۔اس سال اس دن کا ۔موضوع، موسمی تبدیلی سے صحت کی حفاظت ، ہے۔جس کے دوران عوام الناس کو اس بات سے آگاہ کیا جائے گا کہ موسم کی تبدیلی اور تغیر کس طرح انسانی صحت پر اثر انداز ہوتا ہے اور انسان اس سے خود کو کس طرح محفوظ رکھ سکتا ہے۔اقوام متحدہ کے مطابق اس صدی کے دوران عالمی اوسط درجہ حرارت میں کئی ڈگری سینٹی گریڈ کا اضافہ ہوجائے گا،لہذاٰ انسانی صحت پر بھی اس کے اثرات ہوں گے ۔  (7اپریل2008) 

 

 

 

 

ہیلری کلنٹن کے ایک سینئیر ساتھی نے استعفی دیدیا

امریکا میں صدارتی امیدوار بننے کی دوڑ میں شامل ڈیموکریٹک پارٹی کی امیدوار ہیلری کلنٹن کے ایک سینئیر ساتھی مارک پین نے استعفیٰ دے دیا ہے۔مارک پین نے ہیلری کلنٹن کے چیف اسٹرٹیجسٹ تھے۔ہیلری کلنٹن کے دفتر کی ایک اہلکار نے ایک بیان میں کہا ہے کہ مسٹر پین نے استعفٰی کا فیصلہ اس وقت کیا جب یہ بات سامنے آئی کہ وہ کولمبیا کے حکام سے ملاقات کرچکے ہیں اور یہ کہ ان کی کمپنی کولمبیا کے ساتھ امریکا کے آزاد تجارتی معاہدے کے بارے میں امریکی کانگریس میں رائے بنانے میں مدد کرے گی۔ ۔امریکا کی مزدور یونینیں آزاد تجارتی معاہدے کی مخالفت کررہی ہیں جن کی حمایت ہیلری کلنٹن کے لئے بہت اہم ہے۔ (7اپریل2008) 

 

 

 

امریکی اپوزیشن نے پاکستان وافغانستان کے حوالے سے پالیسیوں کاازسرنوجائزہ لینے کی اپیل کی ہے۔

امریکی اپوزیشن نے بش انتظامیہ سے مطالبہ کیاہے کہ وہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان اور افغانستان کے کردار کا ازسرنو جائزہ لے، امریکہ کے حزب اختلاف نے بش سے مطالبہ کیا ہے کہ اسلام آبادسے تعاون شخصیات کے بجائے اداروں کی مضبوطی کیلئے ہونا چاہیئے۔امریکی صدر بش سے یہ مطالبہ سینیٹ میں ڈیموکریٹ ارکان کی جانب سے ایک خط میں کیاگیاہے ۔ خط میں بش انتظامیہ سے کہاگیاہے کہ گذشتہ پانچ برس سے جاری غلط پالیسیوں کی وجہ سے القاعدہ اور طالبان دوبارہ منظم ہورہے ہیں ۔ (7اپریل2008) 

 

 

 

 

دین ابراہیمی کے پیرؤں کے درمیان تعاون سے دنیاکے مسائل حل ہوسکتےہيں۔صدرمملکت

اسلامی جمہوریہ ایران کےصدر ڈاکٹرمحمود احمدی نژاد نے کہا ہے کہ مسلمان اور عیسائی منہ زور عالمی طاقتوں کو روک سکتے ہیں۔

صدرمملکت نے تہران میں واٹیکن کے نۓ سفیر ژان پل گویل کے اسناد تقرری دریافت کرتے ہوۓکہا کہ  دنیا کے مسائل کے حل اور حالات کی اصلاح مسلمانوں اورعیسائیوں سمیت دین ابراہیمی کے پیرؤوں کے تعاون وکوششوں سے ہی  ہوسکتی ہے اوربعض لوگ جان بوچھ کر نفرت اور کینہ کو بڑھاوا دینے کی کوشش کررہے ہیں ڈاکٹر احمدی نژاد نے کہا کہ وہ لوگ جو پیغمبروں کی توہین کررہے ہیں انھیں انسانیت کی ہوابھی نہیں لگی ہے کیونکہ وہ اپنی زندگی کا دارو مدار جنگ کے دلدل میں تلاش کر رہے ہیں۔واٹیکن کے نۓ سفیر ژان پال گوئل نے اس موقع پر ملت ایران کوکئی ہزار سال کی تہذیب وتمدن کاحامل قرار دیتے ہوۓ کہا کہ الہی ادیان کے ماننے والوں کے درمیان گفتگو سے انسانی وقار کا تحفظ اور دنیا میں امن وامان قائم ہوگا۔واٹیکن کے سفیر نے مزید کہا کہ انسانیت کے دشمنوں کو جان لیناچاہۓ کہ آزادی بیان کا مطلب توہین کرنے کی آزادی نہیں ہے۔(7اپریل2008) 

 

 

امریکہ عراق کے دلدل میں پھنس چکا ہے۔امریکی ماہرین

امریکہ کے سرکردہ ماہرین نے کہا ہے کہ امریکی فوج عراق کی دلدل میں پھنس سکتی ہے عراقی ماہرین کے مطابق عراق میں سیاسی پیش رفت نہ ہونے کی وجہ سے امریکی افواج وہاں ایک لمبی اور مہنگی لڑائی میں مبتلا ہوسکتی ہیں۔امریکی انسٹی ٹیوٹ برائے پیس ( یو ایس آئی پی) نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ سیاسی پیش رفت اتنی کم اور اتنی رک رک کر ہو رہی ہے، اور سیاسی اور سماجی تقسیم اتنی زیادہ ہے، کہ امریکہ عراق سے نکلنے سے آج بھی اتنا ہی  دور ہے جنتا کہ ایک سال پہلے تھا۔یو ایس آئی پی کے مطابق عراق میں موجودگی کا امریکہ کو جانی اور مالی دونوں ہی لحاظ سے بھاری نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔ دوایں اثنا عراق میں تین امریکی فوجیوں کے مارے جانے کی اطلاع ہے جبکہ اکتیس زخمی ہوئے ہیں۔ ایک فوجی گرین زون میں اس وقت ہلاک ہوا جب مزاحمت کاروں نے فوج کے ٹھکانوں پر مارٹر گولوں سے حملہ کیا۔ قابل ذکر ہے کہ کل امریکی فوج نے صدر سٹی میں غاصبانہ قبضہ کے خلاف مظاہرہ کرنے والوں پر بمباری کرکے کم از کم بیس عام شہریوں کو ہلاک کردیا مرنے والوں میں عورتوں اوربچے بھی شامل ہیں۔ (7اپریل2008) 

 

 

ایٹمی سرگرمیوں کوروکنے کیلۓ ہرپیکج مسترد ہے۔ وزارت خارجہ

وزارت خارجہ کے ترجمان محمدعلی حسینی نے ایران کے حقوق کو کمزورکرنے اورایٹمی سرگرمیوں کوروکنے کیلۓ کسی بھی قسم کے منصوبہ ، آئيڈیا،اور پیکج کومسترد کردیا ہے۔

وزارت خارجہ کے ترجمان نے آج ایک پریس کانفرنس میں ایٹمی پیکج تیارکرنے والوں کو نصیحت کی کہ وہ  این پی ٹی کے دائرے میں اپنے فرائض اور بین الاقوامی ذمہ داریوں پر عمل کرتے ہوۓ ایٹمی ٹیکنالوجی سمیت تمام میدانوں میں دوسری قوموں کے حقوق کااحترام کریں۔ وزارت خارجہ کے ترجمان نے یورپی ملکوں کی جانب سے علاقہ کے ملکوں کو ایران سے خوفزدہ کرنے کی کوششوں کے تئیں ہوشیار رہنے کی طرف اشارہ کرتے ہوۓ کہاکہ علاقہ کے ملکوں کی جانب سےاسلامی جمہوریہ ایران کو تنہا کرنے کی پالیسی قابل قبول نہیں ہے اور اس سلسلے میں امریکہ کی دشمنانہ پالیسیاں ناکارہ رہی ہے۔ وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ہماراخیال ہے کہ یورپی ممالک کو چاہۓ کہ وہ امریکہ کی توسیع پسندانہ اور مداخلت پسندانہ پالیسیوں کا سنجدگی سے مقابلہ کریں۔ (7اپریل2008) 

 

 

 

 

صدر سٹی پر امریکی حملہ

عراق کے صدر سٹی پر امریکی فوجیوں کے وحشیانہ حملے میں کم از کم بیس عام شہری جاں بحق ہوگئے ہیں . یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب صدر گروہ کے حامی گرفتاریوں کا سلسلہ جاری رہنے پر احتجاج کررہے تھے . بغداد کے ہسپتالی ذرائع کے مطابق مرنے والوں میں  بچے اور عورتیں بھی شامل ہیں .امریکی فوجیوں  کے ساتھ مقتدی صدر کے حامیوں کی جھڑپ کا سلسلہ ایسے وقت میں جاری ہے کہ جب آئندہ بدھ کومقتدی صدر کی دعوت پر پورے عراق میں غاصبانہ قبضے کے خلاف احتجاجی مظاہرے ہونے والے ہیں . عراقی حکام نے بھی ان ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے . (7اپریل2008)